ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی: برہماور میں گائے کو کاٹ کر سر اور چمڑی سڑک کنارے پھینکنے کا معاملہ - پولیس کی گرفت میں آئے 6 ملزمین

اڈپی: برہماور میں گائے کو کاٹ کر سر اور چمڑی سڑک کنارے پھینکنے کا معاملہ - پولیس کی گرفت میں آئے 6 ملزمین

Mon, 30 Jun 2025 19:59:49    S O News

اڈپی،  30 / جون (ایس او نیوز) اڈپی ضلع میں برہماور تعلقہ کے کنجالو جنکشن  کے قریب دو دن قبل سڑک کنارے گائے کا کٹا ہوا سر اور چمڑی دستیاب ہونے کے بعد جو کشیدہ صورتحال بنی تھی اس حساس معاملے کو حل کرنے میں اڈپی ضلع پولیس کو بڑی کامیابی ملی ہے ۔
    
پولیس سپرنٹنڈنٹ ہری رام شنکر نے تفتیش میں ہوئی اہم پیش رفت کے تعلق سے صحافیوں کو بتایا کہ  مذکورہ معاملے میں چھ ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ایک اور ملزم فی الحال فرار ہے ۔  
    
گرفتار شدہ چار ملزمین کی شناخت برہماور تعلقہ کے کنجالو کے رہنے والے رام (49 سال)، پرساد (21 سال)، سندیش (35 سال) اور راجیش (28 سال) کے طور پر کی گئی ہے، جبکہ نوین (35 سال)، ہنڈادی گاؤں اور کیشو نائک (50) کنجالو کے ادجیلا  کا رہنے والے ہیں ۔

ایس پی نے بتایا کہ گائے کا کٹا ہوا سر اور دیگر باقیات سڑک کنارے بازیافت ہونے کا معاملہ سامنے آتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے برہماور سرکل انسپکٹر کی قیادت میں چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں تاکہ اس واقعہ کی متعدد زاویوں سے جانچ کی جا سکے ۔
    
 پولیس کی تفتیشی ٹیموں کے ذریعے  کیے گئے سی سی ٹی وی فوٹیج اور موٹر گاڑیوں کی نقل و حرکت کے تجزیے نے ملزمان کا سراغ لگانے میں اہم کردار ادا کیا ۔
    
پولیس کے مطابق کیشو نائک نے ایک 1.5 سالہ گائے یہ کہتے ہوئے ایک ملزم کے حوالے کی تھی کہ وہ   کہ وہ اس جانور کی دیکھ بھال کرنے سے قاصر ہے ۔ جس کے بعد ملزمین کےاس گروپ نے مبینہ طور پراس گائے کے گوشت کو کھانے  کے مقصد سے ذبح کیا ۔ جب مبینہ طور پر کاٹی گئی گائے کے باقیات گاڑی میں لے جانے کے دوران اس کے کچھ حصے سڑک پر گر گئے اور گائے کاٹنے اور عوامی مقام پر اس کے باقیات بازیافت ہونے کا معاملہ سامنے آیا ۔ اس سے عوام میں شکوک پیدا ہوئے ۔ متعلقہ مقام پر ملنے والے اہم سراغ کی بنیاد پر، پولیس نے معاملے کی کڑیوں کو ملانے اور ملوث ملزمان کو پکڑنے میں کامیاب ہو گئی ۔
    
پولیس کا کہنا کہ گائے کے باقیات کی نقل و حمل میں استعمال ہونے والی ایک ہونڈا ایکٹیوا (KA20 EV 6377) اور ایک ماروتی سُوِفٹ کار (KA21 M 8071)  کو ضبط کیا گیا ہے۔
    
معلوم ہوا ہے کہ تمام چھ ملزمین اس وقت پولیس کی حراست میں ہیں اور توقع ہے کہ انہیں جلد ہی عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں اور پولیس نے یقین دلایا ہے کہ اس معاملے میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔
    
ضلع ایس پی ہری رام شنکر نے اس بہت ہی حساس کیس کو نمٹانے کے سلسلے میں پولیس افسران اور عملے کی طرف سے فوری ردعمل اور پیشہ ورانہ مہارت کے لیے تفتیشی ٹیموں کی ستائش کی ہے ۔


Share: