اُڈپی، 14 جون (ایس او نیوز): کرناٹک کے ضلع اُڈپی کی دو ہونہار طالبات، امولیا ہیگڈے اور نِکیتا مولیا، جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی سائنس کانفرنس میں بھارت کی نمائندگی کریں گی۔ یہ کانفرنس 15 جون سے 21 جون 2025 تک جاری رہے گی۔
امولیا ہیگڈے، جو کہ ہیبری کے امرتا بھارتی پی یو کالج میں سائنس کی دوسری سال کی طالبہ ہیں، نے "فلاڈ ڈیٹیکٹر پول" (Flood Detector Pole) کے نام سے ایک انقلابی آلہ تیار کیا ہے جو سیلاب کے دوران انسانی جانیں بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کی اس اختراع کو دہلی میں منعقدہ قومی INSPIRE سائنسی مقابلے میں کانسی کا تمغہ دیا گیا۔
دوسری جانب نِکیتا مولیا، بھونندرا کالج، کارکالا کی طالبہ ہیں، جنہوں نے "روپو میٹر" (Ropo Meter) کے نام سے ایک ایسا آلہ تیار کیا ہے جو بجلی کی دکانوں میں تار کی درست پیمائش کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ اختراع بجلی کے شعبے میں سہولت فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ان دونوں طالبات کی رہنمائی ان کے استاد سریش مارکالا نے کی، جن کی تربیت اور رہنمائی سے یہ شاندار کامیابیاں ممکن ہو سکیں۔ ان اختراعات نے نہ صرف اُڈپی بلکہ پورے ملک کا نام روشن کیا ہے، اور اب یہ دونوں طالبات عالمی سطح پر اپنے خیالات اور سائنسی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔ یہ اعزاز نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ ہمارے پڑوسی ضلع اُڈپی کے تعلیمی معیار اور نوجوان ذہنوں کی تخلیقی سوچ کا بھی ثبوت ہے۔