بھٹکل،18 نومبر (ایس او نیوز): رابطہ ادبِ اسلامی ہند کے زیرِ اہتمام، مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل کے تعاون سے اور جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے زیرِ انتظام منعقدہ دو روزہ کل ہند علمی و ادبی سیمینار اتوار کو اختتام پذیر ہوگیا۔ سیمینار کا مرکزی موضوع ’’حضرت مولانا سید محمد واضح رشید حسنی ندویؒ کی علمی و فکری خدمات‘‘ تھا، جس میں ملک کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے علماء، ادباء، محققین اور دانشوروں نے شرکت کرتے ہوئے مولانا کی علمی، ادبی، صحافتی اور فکری خدمات کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقی مقالات پیش کیے۔
14 نومبر کو جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں منعقدہ افتتاحی اجلاس کی صدارت رابطہ ادبِ اسلامی کے صدر اور ناظم ندوۃ العلماء لکھنؤ مولانا سید محمد بلال عبدالحی حسنی ندوی نے کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے مولانا واضح رشید ندویؒ کی علمی و فکری خصوصیات اور ادبِ اسلامی کے فروغ میں ان کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ندوۃ العلماء اور بھٹکل کے درمیان دیرینہ علمی و دینی روابط کا بھی ذکر کیا۔
سیمینار کے کنوینر اور مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی کے جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس ندوی نے بتایا کہ رابطہ ادبِ اسلامی کی ہندوستان میں پہلی شاخ 1991 میں جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں قائم ہوئی تھی۔ انہوں نے بھٹکل اور ندوۃ العلماء کے دیرینہ تعلقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مولانا واضح رشید حسنی ندویؒ کو بھٹکل سے خصوصی قلبی تعلق تھا۔ افتتاحی اجلاس میں رابطہ کے سکریٹری مولانا عمیر الصدیق ندوی نے ادارے کی سرگرمیوں اور خدمات پر رپورٹ پیش کی۔

اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید محمد بلال عبدالحی حسنی ندوی نے تعلیمی نصاب کی اصلاح کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ فکری و نظریاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے نصابِ تعلیم کی مؤثر ترتیب ضروری ہے۔ ان کے مطابق دینی مدارس کے ساتھ عصری تقاضوں سے ہم آہنگ اسلامی اسکولوں کا قیام بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سیمینار کے دوران مختلف نشستوں میں پیش کیے گئے مقالات میں مولانا واضح رشید ندویؒ کی عربی صحافت، اسلامی لٹریچر اور علمی و ادبی خدمات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعدد علمی کتابوں کی بھی رونمائی عمل میں آئی۔ اختتام پر مولانا محمد الیاس ندوی نے ملک بھر سے آئے ہوئے علماء، مقالہ نگاروں اور دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔