بھٹکل، 5 فروری (ایس او نیوز) قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے زیر اہتمام تنظیم ہال میں منگل، 4 فروری اور بدھ، 5 فروری کو دو روزہ مفت ختنہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں دو سال یا اس سے زائد عمر کے بچوں کا ختنہ کیا جا رہا ہے۔
تنظیم کے جنرل سیکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی نے بتایا کہ اس مرتبہ ختنہ کیمپ کو تمام طبقات، یعنی امیر، غریب اور متوسط طبقے کے لیے کھلا رکھا گیا تھا۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیمپ سے بالخصوص متوسط طبقے کے افراد نے بھرپور استفادہ کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پہلے دن 21 بچوں کا ختنہ کیا گیا، جبکہ 50 سے زائد بچوں کے نام رجسٹر کیے جا چکے ہیں۔ کیمپ میں ختنہ کے ماہر ڈاکٹر حنیف شباب اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
جناب عبدالرقیب ندوی نے یہ بھی کہا کہ عوام کی مانگ کو مدنظر رکھتے ہوئے رمضان سے قبل مزید ایک مفت ختنہ کیمپ کے انعقاد کی کوشش کی جا سکتی ہے تاکہ خاص طور پر متوسط طبقہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکے۔
تنظیم صدر عنایت اللہ شاہ بندری کی صدارت میں منعقدہ ختنہ کیمپ کی افتتاحی تقریب میں ایڈمن سکریٹری جیلانی شاہ بندری، اکاونٹ سکریٹری اقبال سہیل و دیگر ذمہ داران موجود تھے۔