ٹمکورو، 11/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) ٹمکورو شہر میں دن دہاڑے ایک نوجوان کو چاقو سے حملہ کر کے قتل کرنے کا سنسنی خیز واقعہ پیش آیا، تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے محض 24 گھنٹوں کے اندر ملزم کو گرفتار کر لیاہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ شہر کے میلے کوٹے مین روڈ پر واقع گلشن کپڑوں کی دکان کے قریب پیش آیا۔ پولیس کے مطابق 10 مارچ کی شام تقریباً 5 بج کر 15 منٹ پر دو نوجوانوں کے درمیان مالی لین دین کے معاملہ پر جھگڑا ہو گیا۔ اسی دوران ملزم نے محمد مبارک (28 سال) پر چاقو سے حملہ کر دیا اور اس کی گردن اور گال پر وار کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔
حملے کے بعد خون سے لت پت مبارک زمین پر گر پڑا۔ مقامی لوگوں نے اسے فوری طور پر ٹمکورو ضلع اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
اطلاع ملتے ہی ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ اشوک کے وی (آئی پی ایس)، ایڈیشنل ایس پی سی۔ گوپال اور پروشوتم ایم ایل سمیت دیگر اعلیٰ افسران موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس معاملہ میں تلک پارک پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا اور ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔
ڈی وائی ایس پی کے آر چندرشیکھر کی ہدایات پر تلک پارک سرکل انسپکٹر ایف۔ کے۔ نداف، پی ایس آئی یوگیش اور پی ایس آئی پدماوتی جی سمیت دیگر افسران اور کرائم برانچ کے عملہ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تفتیش شروع کی۔ پولیس ٹیم نے تحقیقات کے دوران ملزم مبارک بن مرحوم سید نثار احمد (29 سال ) کو 11 مارچ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں قتل کی وجہ مالی لین دین کا تنازع سامنے آیا ہے۔ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ اشوک کے وی نے ملزم کی فوری گرفتاری میں نمایاں کردار ادا کرنے والے پولیس افسران اور عملہ کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔