بھٹکل، 2 / جنوری (ایس او نیوز) مرڈیشور ساحل پر پچھلے کئی دنوں سے سیاحوں کے داخلے پر لگی پابندی کو ضلع انتظامیہ نے کل شام سے ہٹا دیا ہے ۔
خیال رہے کہ کولار کے رہائشی اسکول کی چار طالبات تعلیمی دورے کے موقع پر سمندری موجوں سے کھیلنے کے دوران غرقاب ہوئی تھیں جنہیں زندہ بچایا نہیں جا سکا تھا ۔ اس کے بعد حفاظتی انتظامات اور بچاو کی کارروائی انجام دینے کے لئے ضروری ساز و سامان ضروری مقدار میں دستیاب نہ ہونے کی بات سامنے آئی تھی ۔ سیکیوریٹی اور ریسکیو کے حوالے سے ضلع انتظامیہ اور محکمہ سیاحت پر اٹھنے والے سوالات کے پس منظر میں ضلع انتظامیہ نے گزشتہ تین ہفتوں سے زائد عرصے سے مرڈیشور ساحل پر سیاحوں کے داخلے پر روک لگا دی تھی ۔ اور نئے انتظامات مکمل ہونے کے بعد ہی پابندی ہٹانے کی بات کہی تھی ۔
اس ضمن میں ضلع انتظامیہ، پولیس، جنگلات، ریوینیو، سیاحت اور دیگر محکمہ جات نے مشترکہ طور پر غور و خوض کرتے ہوئے مسائل حل کرنے کے اقدامات کا خاکہ تیار کیا ۔ جس کے بعد ضروری انتظامات کرنے کے ساتھ سمندری کنارے پر 250 میٹر علاقہ سیاحوں کے لئے تیرنے کے قابل ہونے کی نشاندہی کی گئی ۔ آبی کھیلوں کا مزہ لینے والوں پر نگاہ رکھنے اور حادثات کے موقع پر بچاو کا کام انجام دینے کے لئے لائف گارڈز کی تعداد کو 6 سے بڑھا کر 12 کر دیا گیا ہے اور انہیں حفاظتی اقدامات کے لئے ضروری ساز و سامان جیسے اسپیڈ بوٹ، واٹر اسکوٹر یا جیٹ اسکی ، لائف جیکیٹ، آکسیجن کٹس وغیرہ فراہم کی گئی ہیں ۔ ساحل پر آنے والوں کو سمندر کی گہرائی اور ڈوبنے کے خطرات والے مقامات سے آگاہ اور چوکنا کرنے کے لئے جگہ جگہ سائن بورڈز لگائے گئے ہیں ۔
مرڈیشور پولیس تھانے کے پی ایس آئی ہنومنتھپا نے بتایا کہ سمندر کے کنارے آنے اور پانی میں اترنے والوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے مقصد سے لائف گارڈز کے ساتھ کوسٹل سیکیوریٹی پولیس اور مقامی پولیس کے اہلکاروں کو بھی یہاں تعینات کیا گیا ہے ۔
گزشتہ 20-22 دنوں سے ساحل پر لگی پابندی کی وجہ سے یہاں آنے والے سیاحوں کی تعداد میں بھاری کمی دیکھی گئی تھی جس کی وجہ سے دکاندار اور کاروباری حضرات کو بڑا گھاٹا ہو رہا تھا ۔ اب ضلع انتظامیہ کی طرف سے ساحل کی جانے کا راستہ کھولنے پر کاروباریوں نے راحت کی سانس لی ہے اور ان کے دلوں میں پھر سے کاروبار میں بڑھوتری کی امید جاگی ہے ۔