چتردرگہ ، 16/ مارچ ( ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک پولیس میں اس وقت غم اور افسوس کی فضا چھا گئی جب ایک المناک سڑک حادثے میں تین نو تعینات ریزرو سب انسپکٹرس (آر ایس آئی) ہلاک ہو گئے۔ یہ دردناک واردات چتردرگہ ضلع کے ہیگّرے گاؤں کے قریب پیش آیا۔
ہلاک ہونے والے افسران کی شناخت آر ایس آئی منجوناتھ، آر ایس آئی امریش اور آر ایس آئی سچن کے طور پر کی گئی ہے۔ تینوں افسران نے حال ہی میں اپنی تربیت مکمل کی تھی اور انہیں بنگلورو شہر کی پولیس فورس میں تعینات کیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق یہ افسران بنگلورو سے بیلاری ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے کہ راستے میں ان کی کار تیز رفتاری کے باعث ایک سست رفتاری سے گزرنے والی ٹرک کو پیچھے سے ٹکر ماردی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار بری طرح تباہ ہو گئی۔ اور تینوں افسران موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ گاڑی میں سوار دو دیگر سب انسپکٹرس شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر جی۔ پرمیشور نے حادثے کی جگہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے جاں بحق افسران کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی افسوسناک واقعہ ہے کیونکہ یہ نوجوان افسران حال ہی میں اپنی خدمات کا آغاز کرنے والے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ افسران حالیہ بھرتی مہم کے تحت منتخب کیے گئے 545 اور 400 سب انسپکٹرس کے گروپ کا حصہ تھے اور اپنی تربیت مکمل کرنے کے بعد بنگلورو شہر میں تعینات کیے گئے تھے۔
واقعے کے بعد چلّکیرے پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور حادثے کی اصل وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔