ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سپریم کورٹ نے بہار میں ووٹر لسٹ میں نام شامل کرنے کے لئے آدھار کارڈ کو بھی تسلیم کرنے کا دیا حکم؛ سیاسی جماعتوں کو عوام کی مدد کرنے کی ہدایت

سپریم کورٹ نے بہار میں ووٹر لسٹ میں نام شامل کرنے کے لئے آدھار کارڈ کو بھی تسلیم کرنے کا دیا حکم؛ سیاسی جماعتوں کو عوام کی مدد کرنے کی ہدایت

Fri, 22 Aug 2025 20:09:15    S O News
سپریم کورٹ نے بہار میں ووٹر لسٹ میں نام شامل کرنے کے لئے آدھار کارڈ کو بھی تسلیم کرنے کا دیا حکم؛ سیاسی جماعتوں کو عوام کی مدد کرنے کی ہدایت

نئی دہلی 22/اگست (ایس او نیوز): سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز کہا کہ بہار میں جاری خصوصی نظرِ ثانی (Special Intensive Revision-SIR) کے دوران ڈرافٹ ووٹر لسٹ سے جن افراد کے نام خارج کردیئے گئے ہیں، وہ اپنی شمولیت کے لئے آدھار کارڈ کے ساتھ الیکشن کمیشن آف انڈیا (ECI) کی طرف سے تجویز کردہ 11 دستاویزات میں سے کسی بھی دستاویز کو جمع کراسکتے ہیں۔ عدالت نے زور دیا کہ یہ عمل "ووٹر فرینڈلی" ہونا چاہئے اور عوام کو آن لائن اور فزیکل دونوں طریقوں سے اعتراضات درج کرانے کی اجازت دی جانی چاہئے۔

جسٹس سوریا کانت اور جسٹس جوئے مالیا بگچی پر مشتمل بنچ نے واضح کیا کہ بوتھ لیول ایجنٹس (BLAs) اور ووٹرز دعوے و اعتراضات آن لائن بھی پیش کرسکتے ہیں۔ اگر فارم فزیکلی جمع کئے جائیں تو بوتھ لیول افسران رسید فراہم کریں گے۔ عدالت نے سیاسی جماعتوں کو بھی ہدایت دی کہ وہ خارج شدہ ووٹروں کی مدد کریں، اور اس پر حیرانی ظاہر کی کہ لاکھوں نام حذف کئے جانے کے باوجود  بوتھ لیول ایجنٹس نے صرف دو اعتراضات درج کرائے ہیں۔

یہ معاملہ اُن درخواستوں سے جڑا ہے جو الیکشن کمیشن کی 24 جون کی ہدایت کے خلاف دائر کی گئی تھیں، جس کے تحت بہار اسمبلی انتخابات سے قبل ووٹر لسٹ میں خصوصی نظرِ ثانی کرانے کا حکم دیا گیا تھا۔ درخواست گزاروں بشمول ایسوسی ایشن آف ڈیموکریٹک ریفارمز (ADR) نے الزام لگایا کہ اس عمل سے لاکھوں ووٹروں کو بلاجواز حقِ رائے دہی سے محروم کیا جا سکتا ہے۔ حزب اختلاف نے بھی اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ 11 دستاویزات میں آدھار کو شامل نہ کرنا غیرمنصفانہ ہے کیونکہ یہ سب سے زیادہ عام دستاویز ہے۔

یکم  اگست کو شائع ڈرافٹ لسٹ میں تقریباً 65 لاکھ نام حذف کئے گئے تھے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ہر نام کو حذف کرنے سے قبل نوٹس، سماعت اور باقاعدہ آرڈر دیا جائے گا۔ کمیشن نے یہ بھی اطلاع دی کہ اب تک تقریباً 85 ہزار نئے ووٹرز کا اندراج ہوچکا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایت پر الیکشن کمیشن نے حذف شدہ ووٹروں کی فہرست آن لائن جاری کردی ہے ساتھ ہی پولنگ بوتھس پر "ASD" (غیر حاضر، منتقل شدہ، یا فوت شدہ) ووٹروں کی لسٹ آویزاں کی گئی ہیں۔ یہ فہرست روہتاس، بیگوسرائے، ارول، سيوان، بھوجپور، جہاں آباد، لکھیسَرائے، بانکا، دربھنگہ اور پورنیہ سمیت کئی اضلاع میں دستیاب کرائی گئی ہے۔

عدالت عظمیٰ نے زور دیا کہ خصوصی نظرِ ثانی کا عمل شفاف اور سب کو شامل کرنے والا ہونا چاہئے تاکہ کوئی بھی اہل شہری حقِ رائے دہی سے محروم نہ رہے۔


Share: