منگلورو، 3 / جولائی (ایس او نیوز) دکشن کنڑا سمیت تین ساحلی اضلاع میں امن و امان، لا اینڈ آرڈر اور فرقہ وارانہ بھائی چارگی کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر نو تشکیل شدہ اسپیشل ایکشن فورس (ایس اے ایف) کے افسران اور اہلکاروں کے لئے شہر کے نہرو میدان میں عملی تربیت کا پروگرام منعقد کیا گیا ۔
ساحلی اضلاع دکشن کنڑا، اڈپی اور شیموگہ میں تعیناتی کے لئے تیار اسپیشل ایکشن فورس کے لئے منعقدہ اس عملی سیشن کا مقصد ایس اے ایف میں شامل افسران اور اہلکاروں کو فرقہ وارانہ فساد اور بد امنی کے موقع پر تشدد پر آمادہ ہجوم کو مؤثر طریقے سے منتشر کرنے کے لیے درکار خصوصہ مہارت سے آراستہ کرنا تھا ۔ جس کے لئے انہیں فسادیوں کو روکنے کے لئے استعمال ہونے والی اینٹی رایٹس گنس اور اسٹین شیلس کے استعمال کی تربیت کی دی گئی ۔
اس کے علاوہ انٹلی جنس شعبے کے منتخب اہلکاروں کو بھی خفیہ معلومات جمع کرنے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی تکنیکی نگرانی کرنے کے سلسلے میں خصوصی تربیت دی گئی ۔
اس سیشن میں نفرت انگیز تقاریر اور دیگر حساس مواد کی نشاندہی اور ان کا سراغ لگانے پر توجہ مرکوز کی گئی تاکہ فوری روک تھام کی کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے ۔
اس ٹریننگ کی نگرانی پولیس کمشنر اور ڈی آئی جی، اسپیشل ٹاسک فورس، منگلورو سٹی کی رہنمائی میں سینئر پولیس حکام نے کی ۔
خیال رہے کہ ایس اے ایف کے قیام اور اس کی عملی تربیت کا یہ اقدام خطے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور عوامی امن کے تحفظ کے لیے ریاستی حکومت کی ایک وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے ۔