ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سبریملا مندر میں سونے کی چوری کا معاملہ - چیف پجاری راجیورو کو ایس آئی ٹی نے کیا گرفتار

سبریملا مندر میں سونے کی چوری کا معاملہ - چیف پجاری راجیورو کو ایس آئی ٹی نے کیا گرفتار

Sat, 10 Jan 2026 11:03:23    S O News

ترواننت پورم،10 / جنوری (ایس او نیوز) کیرالہ ہائی کورٹ کی طرف سے تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی نے سبریملا ایپّا مندر کے دروازوں اور نقش و نگار کندہ کیے گئے پتھروں اور مورتیوں کے اوپر چڑھانے کے لئے بنائی گئی سونے کے ملمع والی شیٹس چوری کے الزام میں مندر کے چیف پجاری کنڈارو راجیورو کو گرفتار کر لیا ہے ۔
    
خیال رہے کہ صنعت کار وجئےملّیا نے  ۱۹۹۸ میں سونے کا ملمع چڑھی ہوئی تانبے کی چادریں مندر کو عطیہ کی تھیں ۔ ۲۰۱۹ میں مندر معاملات کو سنبھالنے والے تانتری راجیورو نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے سونے کا ملمع چڑھی ہوئی ان چادروں کو مرمت کے لئے مندر سے باہر لے جانے کی اجازت دی تھی ۔ جس کے بعد یہ سونا چوری ہو گیا تھا جس میں انّی کرشنن پوٹی کو کلیدی ملزم بنایا گیا ہے جو چیف پجاری راجیورو کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے ۔
    
کیرالہ ہائی کورٹ نے سونے کی اس چوری سے متعلقہ تفتیش کے لئے اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی تھی، جس نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ انی کرشنن پوٹّی نے مذکورہ تانبے کی چادروں پر کیمیکل استعمال کرتے ہوئے سونے کو الگ کیا اور اس مبینہ چوری کو انجام دیا ۔ 
    
راجیورو نے اپنے اوپر لگے الزامات کو خارج کرتے ہوئے اسے ایس آئی ٹی کی طرف سے پھنسائے جانے کی بات کہی ہے ۔
    
اس معاملے کے 13 ملزم کی حیثیت سے گرفتاری کے بعد چیف پجاری راجیورو کو انکوائری کمشنر اور اسپیشل جج وجیلنس کولم کے سامنے پیش کیا گیا جہاں سے اس کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ۔ اب ایس آئی ٹی عدالت سے راجیورو کی پولیس کسٹڈی کی حاصل کرکے اس سے مزید تفتیش کی راہ ہموار کر رہی ہے ۔ 
    
ای ڈی کرے گی تحقیقات :سبریملا مندر سے سونے کی چوری کے معاملے میں منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے کے لئے مرکزی حکومت سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو اجازت ملنے کے بعد ای ڈی کی کوچی یونٹ نے منی لانڈرنگ روک تھام ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کر دی ہے ۔ جبکہ کیرالہ ہائی کورٹ کی طرف سے تشکیل کردہ ایس آئی ٹی پہلے ہی سے اس معاملے کی جانچ میں مصروف ہے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ ریاستی تحقیقاتی ایجنسی کے ذریعے اس معاملے میں ملزم بنائے گئے تمام افراد کو ای ڈی بھی ملزمین شامل کرے گی اور  اس معاملے کی تحقیقاتی ٹیم کی قیادت جوائنٹ ڈائریکٹر رینک کا آفیسر کرے گا ۔

بتایا جاتا ہے کہ ای ڈی نے تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے کولم وجیلنس کورٹ سے اس معاملے سے متعلقہ دستاویزات اس کی تحویل میں دینے کی درخواست کی ۔ ایس آئی ٹی کی طرف سے سخت مخالفت کے باوجود کورٹ نے ای ڈی کو ان فائلوں کا معائنہ کرنے کی اجازت دے دی اور ای ڈی نے کورٹ کو یقین دلایا کہ ان دستاویزات مخفی رکھا جائے گا اور اسے کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہیں کیا جائے گا ۔ 


Share: