کاروار، 22 / ستمبر (ایس او نیوز): ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر)-2026 کے تحت ضلع میں میپنگ نہ ہونے اور میپنگ میں منطقی تضاد والے معاملات کے سلسلے میں جاری کیے گئے پہلے نوٹس کی سماعت ستمبر کے آخر تک مکمل کرلی جائے گی۔ یہ بات ضلع ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے کہی۔
وہ منگل کو ضلع ڈپٹی کمشنر دفتر کے میٹنگ ہال میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خطاب کر رہی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ میپنگ نہ ہونے اور میپنگ میں منطقی تضاد سے متعلق مجموعی طور پر 65,248 معاملات سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے 64,749 نوٹس پہلے ہی تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ اب تک 39,804 معاملات کی سماعت مکمل ہوچکی ہے، جبکہ 24,945 معاملات کی سماعت باقی ہے۔ ان تمام معاملات کی سماعت ستمبر کے آخر تک مکمل کرلی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع میں 85 ایسے معاملات بھی پائے گئے ہیں جن میں متعلقہ ووٹر کا انتقال ہوچکا ہے یا دوہری رجسٹریشن موجود ہے۔
ہلیال اسمبلی حلقے میں جاری کیے گئے 14,012 نوٹس میں سے 8,907 معاملات کی سماعت مکمل ہوچکی ہے۔ کاروار میں 10,446 نوٹس میں سے 5,881، کمٹہ میں 8,344 میں سے 4,984، بھٹکل میں 13,660 میں سے 6,889، سرسی میں 8,821 میں سے 5,428 اور یلاپور میں 9,965 نوٹس میں سے 7,715 معاملات کی سماعت مکمل کی جاچکی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق دعوے اور اعتراضات داخل کرنے کی آخری تاریخ 23 ستمبر ہے، جبکہ حتمی ووٹر لسٹ 27 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ 19 اور 20 ستمبر کو منعقدہ خصوصی ووٹر مہم کے دوران ووٹر لسٹ میں نئے نام شامل کرنے کے لیے 2,613 درخواستیں، اعتراضات کے لیے 89 درخواستیں اور تصحیح کے لیے 1,395 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
کرناٹک ویسٹ گریجویٹس حلقہ انتخاب کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ضلع میں مجموعی طور پر 23 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں اور 15,732 ووٹرس رجسٹرڈ ہیں۔ نئے ووٹر کے طور پر رجسٹریشن کے خواہش مند افراد فارم نمبر 18 کے ذریعے ضلع کے تحصیلدار اور اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر کے دفتر میں درخواست جمع کراسکتے ہیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد ملا، ضلع بی جے پی نائب صدر سنجے سالونکے، جے ڈی ایس صدر سورج نائک سونی، کانگریس کے تعلقہ نائب صدر بابو شیخ، بلاک صدر اروند کلگٹکر اور الیکشن شعبہ کے تحصیلدار پرمود نائک موجود تھے۔