ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اسکولوں میں بچوں کے آدھار بایومیٹرک اپ ڈیٹ کیمپ، والدین سے بروقت اپ ڈیٹ کرانے کی اپیل

اسکولوں میں بچوں کے آدھار بایومیٹرک اپ ڈیٹ کیمپ، والدین سے بروقت اپ ڈیٹ کرانے کی اپیل

Wed, 27 Aug 2025 19:54:31    S O News

نئی دہلی، 27 اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) یونیک آئیڈنٹی فکیشن اتھارٹی آف انڈیا (UIDAI) نے محکمۂ تعلیم عامہ و خواندگی کے ساتھ مشترکہ طور پر اعلان کیا ہے کہ اسکولوں میں خصوصی کیمپ لگا کر بچوں کے آدھار بایومیٹرک اپ ڈیٹ (MBU) کرائے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد ملک بھر کے لاکھوں طلبہ کے آدھار ریکارڈ کو درست اور بروقت اپ ڈیٹ کرنا ہے۔

قواعد کے مطابق بچوں کا بایومیٹرک اپ ڈیٹ پانچ سال اور دوبارہ پندرہ سال کی عمر میں لازمی ہے تاکہ آدھار میں درج بایومیٹرک معلومات درست اور قابلِ اعتماد رہیں۔ فی الحال تقریباً 17 کروڑ آدھار نمبرز ایسے ہیں جن میں یہ اپ ڈیٹ ابھی باقی ہے۔

یو آئی ڈی اے آئی نے والدین کو متنبہ کیا ہے کہ اگر بروقت بایومیٹرکس اپ ڈیٹ نہ کیا گیا تو مستقبل میں بچوں کو مختلف سرکاری اسکیموں سے فائدہ لینے میں دشواری پیش آ سکتی ہے۔ اسی طرح بڑے امتحانات جیسے NEET، JEE اور CUET میں رجسٹریشن کے وقت بھی مشکلات کھڑی ہوسکتی ہیں۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ والدین اور طلبہ آخری وقت میں اپ ڈیٹ کے لیے دوڑتے ہیں، جس سے غیر ضروری دباؤ اور پریشانی پیدا ہوتی ہے، لہٰذا بروقت اپ ڈیٹ پر زور دیا گیا ہے۔

یو آئی ڈی اے آئی کے سی ای او شری بھوونیش کمار نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سیکریٹریز کو خط لکھ کر اسکولوں میں خصوصی کیمپ لگانے کی ہدایت دی ہے۔ ان کے مطابق یو آئی ڈی اے آئی اور محکمۂ تعلیم کے ماہرین نے مل کر UDISE+ ایپلیکیشن پر ایسا نظام تیار کیا ہے جس کے ذریعے ہر اسکول کو یہ معلومات دستیاب ہوں گی کہ کن طلبہ کے آدھار بایومیٹرک اپ ڈیٹ باقی ہیں۔

واضح رہے کہ یو ڈی آئی ایس ای پلس (UDISE+) محکمۂ تعلیم کے تحت ایک جامع انفارمیشن سسٹم ہے جو اسکولی تعلیم کے متعلق مختلف اعداد و شمار جمع کرتا ہے۔ اس کے ذریعے ملک گیر سطح پر تعلیمی ڈیٹا کو یکجا کرنے کے ساتھ ساتھ آدھار اپ ڈیٹ جیسے اقدامات کو بھی منظم انداز میں آگے بڑھایا جا سکے گا۔


Share: