بھٹکل 23 اگست (ایس او نیوز): بھٹکل کے معروف صحافی اور ساحل آن لائن کے مینجنگ ایڈیٹر عنایت اللہ گوائی کا کالی کٹ کے اسٹار کیئر اسپتال میں دل کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے۔ اہلِ خانہ کے مطابق آپریشن کے بعد ان کی حالت قدرے بہتر ہے اور وہ میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں زیرِ علاج ہیں۔
عنایت اللہ گوائی 15 اگست کو بھٹکل کی نور مسجد میں مغرب کی نماز کی ادائیگی کے دوران اچانک چکر آنے کے باعث گر کر وہیں بے ہوش ہوگئے تھے۔ انہیں فوری طور پر بھٹکل کے ویلفئر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی معائنے کے بعد ڈاکٹر لکشمیش نے دل کی ایک نالی بلاک ہونے کا شبہ ظاہر کیا۔ مزید علاج اور تشخیص کے لیے انہیں پہلے منگلورو کے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے بعد میں کالی کٹ کے اسٹار کیئر اسپتال لے جایا گیا۔
اسٹار کیئر اسپتال میں معروف کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر علی فیضل نے تفصیلی معائنے کے بعد دل کی ایک نالی بلاک ہونے کی تصدیق کی، جس کے بعد ضروری طبی کارروائی کرتے ہوئے کامیاب آپریشن انجام دیا گیا۔
آپریشن کی اطلاع ملتے ہی عنایت اللہ گوائی کے رشتہ داروں، دوستوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ احباب میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ اہلِ خانہ کے مطابق بڑی تعداد میں لوگ فون کے ذریعے ان کی خیریت دریافت کر رہے ہیں، جبکہ دبئی میں مقیم ان کے کئی احباب بھی مسلسل ان کی طبیعت کے بارے میں معلومات حاصل کر رہے ہیں۔
ساحل آن لائن کے چیئرمین جناب عتیق الرحمن منیری، نائب چیئرمین جناب عبدالمتین ائیکری، جناب رحمت اللہ راہی اور جناب جیلانی محتشم سمیت دیگر ڈائریکٹروں نے عنایت اللہ گوائی کی عیادت اور صحت یابی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے مکمل علاج اور جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی ہے۔ ادارے کی زمہ داران نے قارئین اور تمام خیرخواہوں سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ عنایت اللہ گوائی کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
عنایت اللہ گوائی طویل عرصے سے صحافت سے وابستہ ہیں اور اردو، انگریزی اور کنڑا زبانوں میں شائع ہونے والے معروف نیوز پورٹل ساحل آن لائن کے مینجنگ ایڈیٹر ہیں۔ وہ مختلف اردو اور انگریزی روزناموں کے لیے بھی صحافتی خدمات انجام دے رہے ہیں اور بالخصوص بہترین گراؤنڈ رپورٹنگ کے لیے جانے جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ عنایت اللہ گوائی کی 2009 میں بھی ڈاکٹر علی فیضل کی نگرانی میں کالی کٹ کے معروف میمس اسپتال میں اوپن ہارٹ سرجری ہوچکی ہے اور اس کے بعد سے کیرالہ میں ہی ڈاکٹر علی فیضل کی نگرانی میں ان کا علاج جاری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس بار بھی طبیعت خراب ہونے پر انہیں فوری طور پر کالی کٹ لے جایا گیا۔
اہلِ خانہ نے بتایا کہ موجودہ آپریشن کے بعد عنایت اللہ گوائی کی حالت پہلے سے بہتر ہے اور وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں زیرِ علاج ہیں۔ انہوں نے تمام احباب، قارئین اور خیرخواہوں سے ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی ہے۔