ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بہار ریلی میں راہل گاندھی کا الزام: الیکشن کمیشن کے ذریعے ’ووٹ چوری‘، 65 لاکھ نام ووٹر فہرست سے خارج

بہار ریلی میں راہل گاندھی کا الزام: الیکشن کمیشن کے ذریعے ’ووٹ چوری‘، 65 لاکھ نام ووٹر فہرست سے خارج

Wed, 27 Aug 2025 10:41:23    S O News

مدھوبنی، 27 اگست (ایس او نیوز / پی ٹی آئی) کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے منگل کے روز مرکز کی این ڈی اے حکومت پر سخت حملہ بولتے ہوئے کہا کہ عوام کو اپنے ووٹ کے حق کی حفاظت کرنی ہوگی، کیونکہ یہی آئین (Constitution) کے تحفظ کی ضمانت ہے۔

راہل گاندھی نے مدھوبنی میں کانگریس کی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے دوران ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بہار میں چل رہی اسپیشل انٹینسیو ریویژن (Special Intensive Revision) کے عمل نے برسراقتدار پارٹی اور الیکشن کمیشن دونوں کو بے نقاب کر دیا ہے، اور اسی وجہ سے لوگ اب حکمراں جماعت کو ’ووٹ چور‘ کہہ کر پکارنے لگے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ذریعے 65 لاکھ ووٹروں کے نام فہرست سے حذف کر دیے گئے ہیں اور اب اتنے ہی نئے ووٹر شامل کرکے حکمراں جماعت کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ راہل نے کہا کہ "اگر عوام نے اپنے ووٹ کے حق کو بچانے کے لیے قدم نہ اٹھایا تو پھر ہندوستانی آئین کی حفاظت ممکن نہیں رہے گی۔"

راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا تھا کہ موجودہ حکومت آئندہ 40 سے 50 سال تک جاری رہے گی، اور اب یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ وہ ایسا اس لیے کہہ رہے تھے کیونکہ ’ووٹ چوری‘ کا کھیل گجرات سے ہی شروع ہوا ہے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور امیت شاہ نے ان کے ’ووٹ چوری‘ کے الزام پر ایک لفظ بھی نہیں کہا۔ "جب کوئی چور پکڑا جاتا ہے تو وہ خاموش رہتا ہے، اور یہی کام موجودہ حکمراں کر رہے ہیں،" راہل نے کہا۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ الیکشن کی تاریخوں کو بھی حکمراں جماعت کی سہولت کے مطابق بدلا جا رہا ہے اور اب یہ کام وزیر اعظم طے کرتے ہیں، الیکشن کمیشن نہیں۔ ان کے مطابق مہاراشٹر اور ہریانہ اسمبلی انتخابات میں بھی الیکشن کمیشن نے یہی کردار ادا کیا تھا۔

راہل گاندھی نے کہا کہ "اب عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ بہار میں اس خصوصی ریویژن کے بعد ان کو سبق سکھائیں گے۔ جلد ہی وزیر اعظم اپنی رہائش گاہ سے باہر نکلنے سے کترائیں گے، کیونکہ عوام ہر تقریر کے بعد انہیں ’ووٹ چور‘ کہہ کر پکاریں گے۔"

انہوں نے آر ایس ایس پر بھی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم آئین کا احترام نہیں کرتی، کیونکہ آئین سب کو مساوی حقوق فراہم کرتا ہے۔


Share: