ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بہار میں راہل گاندھی کی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کا آغاز، 16 دن میں 1300 کلومیٹر کا سفر، اپوزیشن جماعتیں متحد

بہار میں راہل گاندھی کی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کا آغاز، 16 دن میں 1300 کلومیٹر کا سفر، اپوزیشن جماعتیں متحد

Sun, 17 Aug 2025 10:36:56    S O News
بہار میں راہل گاندھی کی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کا آغاز، 16 دن میں 1300 کلومیٹر کا سفر، اپوزیشن جماعتیں متحد

نئی دہلی، 17 اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) ووٹر لسٹ میں مبینہ ہیرا پھیری، خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) اور ووٹ چوری کے خلاف لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز بہار کے سہسرام سے اپنی 16 روزہ ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کا آغاز کر دیا۔ اس یاترا میں راہل گاندھی کے ساتھ آر جے ڈی کے سینئر لیڈر اور بہار کے سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو سمیت انڈیا بلاک کی تمام اہم اتحادی جماعتوں کے رہنما شریک ہیں۔

کانگریس کے میڈیا اور پبلسٹی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین پون کھیڑا نے دہلی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اس یاترا کا تفصیلی نقشہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک سیاسی مہم نہیں بلکہ ایک عوامی تحریک ہے جو ملک کے جمہوری ڈھانچے کو بچانے کی جدوجہد کی علامت ہے۔ ان کے مطابق یہ یاترا 1300 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے بہار کے 25 اضلاع سے گزرے گی اور یکم ستمبر کو پٹنہ کے گاندھی میدان میں ایک عظیم الشان ریلی کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچے گی۔

پون کھیڑا نے بتایا کہ یاترا 17 اگست کو سہسرام، 18 اگست کو دیو روڈ، 19 اگست کو وزیر گنج، 21 اگست کو شیخ پورہ، 22 اگست کو مونگیر، 23 اگست کو کٹیہار، 24 اگست کو پورنیہ، 26 اگست کو سوپول، 27 اگست کو دربھنگہ، 28 اگست کو سیتا مڑھی، 29 اگست کو بتیا، اور 30 اگست کو چھپرہ پہنچے گی، جبکہ 20، 25 اور 31 اگست کو وقفہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تحریک دراصل دلتوں، پسماندہ طبقات، آدیوسیوں ، اقلیتوں اور حاشیے پر رہنے والے محروم طبقوں کے حق رائے دہی کو دبانے کی بی جے پی اور الیکشن کمیشن کی مبینہ ملی بھگت کے خلاف ہے۔ کھیڑا نے الزام لگایا کہ بہار میں ایس آئی آر کے عمل نے ووٹ چوری کی سازش کو مزید بے نقاب کر دیا ہے، یہاں تک کہ عام شہری بھی ووٹر لسٹ میں گڑبڑی کے شواہد پیش کر رہے ہیں۔

کانگریس نے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کی مداخلت کے بعد ہی الیکشن کمیشن اپوزیشن اور سماجی کارکنوں کی شکایات سننے پر مجبور ہوا۔ کھیڑا کے مطابق یہ صرف ووٹ چھیننے کی کوشش نہیں بلکہ غریبوں اور پسماندہ طبقات کی آواز کو دبانے اور ان کی شناخت ختم کرنے کی خطرناک سازش ہے۔

راہل گاندھی نے بھی ’ایک شخص، ایک ووٹ‘ کے اصول کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آج عوام کا ووٹ چھین لیا گیا تو کل انہیں سرکاری اسکیموں اور بنیادی حقوق سے بھی محروم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بہار کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس تاریخی یاترا میں شامل ہوکر جمہوریت کے تحفظ کی لڑائی کو مضبوط کریں۔

اس دوران کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک ویڈیو بھی جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’’بی جے پی اور الیکشن کمیشن آپ کے ووٹ کا حق چھین رہے ہیں، آئیے ووٹر ادھیکار یاترا میں شامل ہوکر اپنے حق کی آواز بلند کیجیے۔‘‘ اس ویڈیو میں راہل گاندھی آئین کی حفاظت کا عزم دہراتے نظر آ رہے ہیں۔


Share: