ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / راہل گاندھی کا چیف الیکشن کمشنر پر کرناٹک ووٹر فراڈ کی جانچ روکنے کا الزام؛ الیکشن کمیشن کا انکار

راہل گاندھی کا چیف الیکشن کمشنر پر کرناٹک ووٹر فراڈ کی جانچ روکنے کا الزام؛ الیکشن کمیشن کا انکار

Thu, 18 Sep 2025 18:52:29    S O News
راہل گاندھی کا چیف الیکشن کمشنر پر کرناٹک ووٹر فراڈ کی جانچ روکنے کا الزام؛ الیکشن کمیشن کا انکار

نئی دہلی18/ستمبر (ایس اونیوز)   : لوک سبھا میں قائد حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات سے متعلق تمام شواہد فوری طور پر منظرِ عام پر لائے جائیں۔ جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر انہوں نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن ووٹ چوری کرنے والوں کو بچا رہا ہے۔ راہل نے لکھا: ’’بہانے بنانا بند کریں اور شواہد کرناٹک سی آئی ڈی کو فراہم کریں‘‘۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ان الزامات کو ’’بے بنیاد اور غلط‘‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ آلند اسمبلی حلقے میں کانگریس امیدوار کی جانب سے دھوکہ دہی کی شکایت کے بعد مقامی افسر نے ایف آئی آر درج کی، لیکن سی آئی ڈی کی تحقیقات کو چیف الیکشن کمشنر نے روک دیا اور آئی پی ایڈریس، او ٹی پی ٹریل جیسے اہم تکنیکی شواہد فراہم نہیں کیے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ اگر ووٹر لسٹ سے 6 ہزار سے زائد نام حذف کرنے کی کوشش کامیاب ہوجاتی تو ان کے امیدوار کو شکست ہوسکتی تھی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 2023 میں آلند میں ووٹر لسٹ سے نام کاٹنے کی ’’کچھ ناکام کوششیں‘‘ ضرور ہوئیں، تاہم ان پر بروقت کارروائی کی گئی۔ کمیشن نے یاد دلایا کہ یہ نشست 2018 میں بی جے پی نے جیتی تھی جبکہ 2023 میں کانگریس نے کامیابی حاصل کی۔

راہل کا کہنا ہے کہ کرناٹک کے حکام کی جانب سے بار بار درخواستوں کے باوجود سی آئی ڈی کی جانچ کو آگے نہیں بڑھنے دیا جا رہا ہے۔


Share: