ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / راہل گاندھی نے مودی کی تقریر کو مایوس کن قرار دیا، کہا: ٹرمپ کے جھوٹ پر وزیر اعظم نے خاموشی اختیار کی

راہل گاندھی نے مودی کی تقریر کو مایوس کن قرار دیا، کہا: ٹرمپ کے جھوٹ پر وزیر اعظم نے خاموشی اختیار کی

Wed, 30 Jul 2025 11:01:38    S O News
راہل گاندھی نے مودی کی تقریر کو مایوس کن قرار دیا، کہا: ٹرمپ کے جھوٹ پر وزیر اعظم نے خاموشی اختیار کی

نئی دہلی، 30/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی)لوک سبھا میں ’آپریشن سندور‘ پر بحث ختم ہو چکی ہے۔ راہل گاندھی جب اس بحث میں شامل ہوتے ہوئے اپنی بات رکھ رہے تھے، تو انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو چیلنج پیش کیا تھا کہ وہ امریکی صدر ٹرمپ کا نام لے کر کہیں کہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں۔ امید کی جا رہی تھی کہ نریندر مودی اس چیلنج کا جواب دیں گے، لیکن انھوں نے صرف اتنا کہا کہ ’کسی ملک کے لیڈر نے آپریشن سندور روکنے کے لیے نہیں کہا‘۔ اب راہل گاندھی نے پی ایم مودی کی تقریر پر میڈیا کے سامنے اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نریندر مودی نے واضح لفظوں میں ٹرمپ کے بیان کو جھوٹ پر مبنی نہیں بتایا، انھیں ٹرمپ کے ذریعہ ’جنگ بندی‘ سے متعلق دیے گئے بیان کا جواب دینا چاہیے تھا۔

راہل گاندھی کے ذریعہ میڈیا کو دیے گئے بیان کی ویڈیو کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کی ہے۔ اس میں راہل گاندھی کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ ’’نریندر مودی نے صٓف نہیں کہا کہ ٹرمپ جھوٹ بول رہے ہیں۔ ٹرمپ نے 29 مرتبہ بولا ہے کہ میں نے جنگ بندی کرائی، لیکن نریندر مودی نے اس کا جواب نہیں دیا۔‘‘ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے پی ایم مودی کو اس معاملے میں بھی نشانہ بنایا کہ اپنی تقریر کے دوران انھوں نے چین کا ایک مرتبہ بھی نام نہیں لیا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’سب سے خاص بات رہی کہ پوری تقریر میں وزیر اعظم نے چین کا نام نہیں لیا۔ پورا ملک جانتا ہے کہ چین نے پاکستان کی مدد کی، لیکن وزیر اعظم کے منھ سے ’چین‘ نہیں نکلا۔‘‘

دوسری طرف لوک سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر گورو گگوئی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ انھوں نے اپنی تقریر کے دوران آپریشن سندور کا مکمل سہرا خود لینے کی کوشش کی ہے۔ گورو کا کہنا ہے کہ ’’پی ایم مودی نے اپنی 2 گھنٹے کی تقریر میں ’آپریشن سندور‘ کا پورا سہرا لینے کی کوشش کی۔ تقریر شروع ہوتے ہی وہ کہہ رہے تھے کہ ملک کے لوگوں نے انھیں حمایت دی، یہ غلط ہے۔ سچائی یہ ہے کہ ملک کے لوگوں نے حکومت اور ہندوستانی فوج کو حمایت دی۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’مودی جی نے آپریشن سندور کا سہرا لینے کی کوشش تو کی، لیکن پہلگام کی ذمہ داری سے بھاگ گئے۔ وزیر اعظم نے اپنی پوری تقریر میں اس چین کا ذکر بھی نہیں کیا، جس نے پاکستان کو ہندوستان کے خلاف پوری حمایت دی تھی۔‘‘


Share: