
پتور ، 28/ جون (ایس او نیوز) شادی کا وعدہ کرکے جنسی تعلقات قائم کرنے کے بعد لڑکی حاملہ ہونے پر شادی سے انکار کرنے والے بی جے پی لیڈر کے بیٹے کے خلاف پولیس نے کیس درج کر لیا جس کے بعد ملزم فرار ہوگیا ہے ۔
پتور ویمنس پولیس اسٹیشن میں درج کی شکایت کے مطابق بی جے پی کے ایک بڑے لیڈر جگن نواس راو کا بیٹا کرشنا راو اور شکایت کنندہ لڑکی دونوں پتور کے رہنے والے ہیں اور دونوں ہائی اسکول میں پڑھائی کے دوران میں ہم جماعت رہے ہیں ۔ شکایت کنندہ لڑکی اس وقت منگلورو کے ایک پرائیویٹ کالج میں بی ایس سی کی پڑھائی کر رہی ہے ۔
شکایت میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ لڑکی اور ملزم کرشنا راو بڑے عرصے سے ریلیشن شپ میں تھے ۔ گزشتہ سال اکتوبر میں جب کرشنا راو کے گھر پر کوئی بھی موجود نہیں تھا تو مبینہ طور پر ملزم کرشنا راو نے مذکورہ لڑکی کو اپنے ہاں بلایا اور شادی کا وعدہ کرتے ہوئے اس کے ساتھ جسمانی تعلقات قائم کیے ۔ پھر اس کے بعد بھی کئی موقعوں پر ملزم نے یہی عمل دہرایا ۔
معلوم ہوا ہے کہ متعدد بار جنسی عمل کے ساتھ ہی لڑکی حاملہ ہوگئی اور اس نے شادی کے لئے اصرار کیا تو کرشنا راو نے شادی سے انکار کر دیا ۔ پھر لڑکی کے گھر والوں نے کرشنا راو کے والدین سے مل کر یہ معاملہ سامنے رکھا تو ابتدائی مرحلے میں اس کے گھر والوں نے شادی کے لئے رضا مندی ظاہر کی لیکن ملزم کرشنا راو نے سرے سے انکار کر دیا ۔ جس کے بعد متاثرہ ۹ ماہ کی حاملہ لڑکی نے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی اور پولیس نے اس پر کارروائی کرتے ہوئےبی این ایس قانون کی دفعات کے ایف آئی آر درج کی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ کیس درج ہونے کے بعد ملزم کرشنا راو فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کے لئے پولیس متحرک ہوگئی ہے ۔