پتور، 3 جولائی (ایس او نیوز) بی جے پی لیڈر کے بیٹے پر عصمت دری کے الزامات اور متاثرہ لڑکی کو انصاف دلانے کے مطالبے پر ایس ڈی پی آئی کی جانب سے کیے گئے احتجاج میں بغیر اجازت مظاہرہ کرنے پر پارٹی کے متعدد لیڈروں سمیت تقریباً 30 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یہ احتجاج 2 جولائی کی شام پتور تعلقہ کے قلعہ میدان کے قریب ایس ڈی پی آئی پتور اسمبلی حلقہ کے صدر اشرف باؤ کی قیادت میں منعقد ہوا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ مظاہرے کے لیے نہ پولیس سے اور نہ ہی متعلقہ محکمے سے کوئی پیشگی اجازت لی گئی تھی۔
اس سلسلے میں پتور نگر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ نمبر 53/2025 کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔ الزام ہے کہ یہ احتجاج عوامی امن میں خلل ڈالنے کی نیت سے کیا گیا۔ اس لیے BNS کی دفعہ 189(سی) اور کرناٹک پولیس ایکٹ 1963 کی دفعہ 109 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔