ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دکشن کنڑا میں مویشیوں کے غیر قانونی ذبیحہ کے خلاف کڑی کارروائی - پولیس نے ضبط کر لیں تین جائیدادیں

دکشن کنڑا میں مویشیوں کے غیر قانونی ذبیحہ کے خلاف کڑی کارروائی - پولیس نے ضبط کر لیں تین جائیدادیں

Sun, 19 Oct 2025 11:58:33    S O News

منگلورو، 19/ اکتوبر (ایس او نیوز)  مویشیوں کے غیر قانونی  ذبیحہ کے خلاف ایک بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دکشن کنڑا پولس نے بنٹوال دیہی، بیلتنگڈی اور اپننگڈی پولیس اسٹیشنوں کے دائرہ اختیار میں اس طرح کی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے والی تین جائیدادوں کی نشاندہی کی اور انہیں ضبط کرلیا ۔

ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ارون کے نے بتایا کہ مویشیوں کے غیر قانونی ذبیحہ میں ملوث افراد کے ساتھ ساتھ اس قسم کے جرائم میں مدد کرنے یا پناہ دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ "ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ ان سرگرمیوں میں ملوث افراد کو قانون کے تحت نتائج کا سامنا کرنا پڑے  ۔" 
    
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی بھارتیہ نیائے سنہیتا (بی این ایس)،  کرناٹک پریوینشن آف سلاٹر اینڈ پریزرویشن آف کیٹل ایکٹ، اور پریوینشن آف کرویلٹی ٹو اینیملز ایکٹ کے تحت درج کئی مقدمات کی تحقیقات کے بعد کی گئی ہے۔

بنٹوال دیہی پولیس نے بی این ایس کی دفعہ 302(2)، کرناٹک کیٹل ایکٹ کی دفعہ 4 اور 12، اور جانوروں پر ظلم کی روک تھام کے ایکٹ کی دفعہ 11(d) کے تحت درج کیس کی تحقیقات کرتے ہوئے پایا کہ ملزم نصیر اور  عدین ابّا کی ملکیت والی جائیدادوں کو غیر قانونی ذبیحہ انجام دینے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے ۔ یہاں ضبط شدہ املاک میں ایک مکان، ایک سلاٹر ہاؤس اور ایک شیڈ شامل ہے ۔  پولیس تحقیقات کی روشنی میں منگلورو کے اسسٹنٹ کمشنر کو ایک رپورٹ پیش کی گئی جنہوں نے کرناٹک پریوینشن آف سلاٹر اینڈ پریزرویشن آف کیٹل ایکٹ کے سیکشن 8(1) کے تحت جائیدادوں کو ضبط کرنے کا حکم جاری کیا ۔
    
ضلع  ایس پی نے تصدیق کی ہے کہ بیلتنگڈی میں  انہی قوانین کے تحت کوویتو گاؤں میں غیر قانونی مویشیوں کے ذبیحہ سے متعلق کیس درج کیا گیا تھا۔ اس میں شامل جائیداد محمد رفیق کی تھی  اور تفتیشی افسر کی رپورٹ کی بنیاد پر پتور کے اسسٹنٹ کمشنر نے اسی ایکٹ کے تحت اس کی ملکیت کو ضبط کرنے کا حکم جاری کیا ۔

    اسی طرح اپننگڈی پولیس اسٹیشن کے حدود میں محمد منصور کے خلاف بی این ایس کی دفعہ 331 (4) اور 305 کے ساتھ ساتھ کرناٹک کیٹل ایکٹ کی دفعہ 4 اور 12 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ یہ معاملہ گوشت کے غیر قانونی ذبیحہ اور فروخت سے متعلق ہے ۔ اس معاملے جس جائیداد کو ضبط کیا گیا ہے وہ منگلورو شہر کے بندر علاقے کے بھٹکل بازار میں واقع ایک عمارت  ہے ۔   
    
منگلورو کے اسسٹنٹ کمشنر نے ایک تاریخی اقدام میں کرناٹک میں پہلی بار بنٹوال دیہی پولیس کی ایک رپورٹ کے بعد  پڈو گرام پنچایت میں واقع ماریپلا حسن ابا سے تعلق رکھنے والے ایک مکان اور غیر قانونی مذبح کو باضابطہ طور پر ضبط کرنے کی کارروائی انجام دی تھی ۔
    
ضلع ایس پی ارون کے نے کہا کہ تینوں معاملات میں  کرناٹک پریوینشن آف سلاٹر اینڈ پریزرویشن آف کیٹل ایکٹ 2020 کے تحت اس ایکٹ کے لیے استعمال ہونے والی جگہوں اور عمارتوں کو ضبط کر لیا گیا ہے۔

یہ کارروائی 2020 کے مویشیوں کے ذبیحہ قانون کے نفاذ میں ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتی ہے اور اسے مویشیوں سے متعلق غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف ریاست کی مہم میں ایک مثالی اقدام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔


Share: