نئی دہلی ، 19/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کئی تنظیموں کے اتحاد ’’پیپل اگینسٹ ایس آئی آر‘‘ نے گیانیش کمار کےمواخذہ اور ان کے خلاف کارروائی کے مطالبے پر زور ڈالتے ہوئے اتوارکو اعلان کیا کہ ۲۳؍ اکتوبر کو ملک بھر میں ’’جمہوریت کی بازیابی کیلئے عوامی مارچ‘‘ کا انعقاد کیا جائےگا۔
اس مارچ کے ذریعے پارلیمنٹ سے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے مواخذے کے ساتھ ہی ساتھ ایس آئی آر منسوخ کرنے اور تمام اہل شہریوں کے ووٹنگ حقوق بحال کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔تنظیم نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے الیکشن کمیشن کا غلط استعمال کیا ہے اور ایس آئی آر کے ذریعے ۱۳ء۴۱؍کروڑ شہریوں کو ووٹ دینے کے حق سے محروم کر دیا ہے۔بیان میں الزام لگایا گیا کہ گیانیش کمار نے پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر فارم۶؍سمیت قانونی فارموں میں تبدیلیاں کیں، تاکہ حقیقی شہریوں کے نام انتخابی فہرستوں سے حذف کیے جا سکیں اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو اقتدار میں برقرار رکھا جاسکے۔
’پیپل اگینسٹ ایس آئی آر ‘کا قیام۱۴؍ اکتوبر کو نئی دہلی کے سرجیت بھون میں ہواتھا۔ یہ ملک گیر پلیٹ فارم کسانوں، مزدوروں، خواتین، نوجوانوں، طلبہ، آدیواسیوں، دلتوں اور اقلیتوں کی نمائندگی کرنے والی تنظیموں اور نیٹ ورکس کو یکجا کرنے کیلئےتشکیل دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سمیوکت کسان مورچہ بھی ۲۳؍ اکتوبر کو دہلی مارچ اور ضلعی سطح پر مظاہروں کا اعلان کر چکا ہے۔ اس پر منظر میں امید کی جارہی ہے کہ ۲۳؍ اکتوبر کو بڑے پیمانے پر ملک گیر مظاہرے ہوں گے۔ ’پیپل اگینسٹ ایس آئی آر ‘ نے گیانیش کمار پر آئینی حلف کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اس کا کہنا ہے کہ انتخابی عمل سے متعلق قواعد میں باضابطہ تبدیلی کرنے کا اختیار صرف پارلیمنٹ کو حاصل ہے۔۲۳؍ اکتوبر کی ملک گیر تحریک کو ’’جمہوریت کی بازیابی کیلئے عوامی مارچ‘‘ کا نام دیتے ہوئے اعلان کیاگیا ہے کہ یہ ایک متحدہ جدوجہد کا آغاز ہوگا، جو ایس آئی آر کی منسوخی، تمام حقیقی شہریوں کے ووٹنگ کے حقوق کی بحالی اور الیکشن کمشنرز ایکٹ۲۳ء میں ترمیم تک جاری رہے گی۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہےکہ وہ قومی پرچم کے ساتھ ضلع اور تحصیل ہیڈکوارٹرز، ریاستی دارالحکومتوں اور قومی دارالحکومت میں پرامن مارچ میں حصہ لیں۔ منتظمین نے کہا ہےکہ اگر پولیس مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روکتی ہے تو وہ پرامن طریقے سے ’’عوامی پارلیمنٹ‘‘ کے اجتماعات منعقد کریں۔ ان اجتماعات میں انتخابی اصلاحات کے جامع اقدامات کا مطالبہ کیا جائے گا، جن میں متناسب نمائندگی کا نظام، انتخابات میں دولت اور طاقت کے بے جا استعمال پر روک اور انتخابات کے لیے ریاستی مالی معاونت کو قانونی حیثیت دینا شامل ہے۔ تنظیم کے مطابق اجتماعات کا اختتام جمہوری حقوق کے تحفظ کے عہد اور قومی ترانے کے ساتھ ہوگا۔