بھٹکل 4/ فروری (ایس او نیوز) بھٹکل مسجد طُور کے قریب نیشنل ہائی وے پر راہ چلتے ایک شخص سے تیز رفتار بائک ٹکرانے کے نتیجے میں راہ گیر زخموں کی تاب نہ لاکرانتقال کرگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ جبکہ بائک سوار شدید زخمی ہوگیا۔ حادثہ پیر صبح قریب آٹھ بجے پیش آیا، جبکہ منگل بعد نماز ظہربھٹکل جامع مسجد میں نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد پرانے قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔
راہ گیر کی شناخت صدیقی مسجد کے عقب میں واقع فلیٹ کے رہائشی محمد ابراہیم صاحب (64) کی حیثیت سے کی گئی ہے،جو بھٹکل کے معروف عالم دین مولانا اقبال نائطے ندوی کے بہنوئی ہیں۔ پتہ چلا ہے کہ مرحوم کا تعلق بینگلور سے ہے، مگر گذشتہ قریب 25 سالوں سے بھٹکل میں ہی مقیم ہیں، طویل عرصہ تک مسجد طور میں موذن کے طور پرخدمات انجام دے چکے ہیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ جناب ابراہیم صاحب پیر صبح قریب آٹھ بجے مسجد طور سے اشراق کی نماز کے بعد پیدل اپنے گھر جانے کے لئے نکلے تھے۔ غالباً نیشنل ہائی وے کو کراس کرنے کے دوران بیلکے کے قریب نُوج کے ایک رہائشی تمپّا راما موگیر کی تیز رفتار بائک ان سے ٹکراگئی۔ حادثے میں ان کے سر اور ہاتھ کو شدید چوٹ لگی، جس کی بنا پر فوری طور پر بھٹکل سرکاری اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے زائد علاج کے لئے مینگلور روانہ کیا گیا، مینگلور ڈاکٹر نے حالت کی تشویشناکی کے تعلق سے آگاہ کرانے کے بعد انہیں واپس بھٹکل لایا جارہا تھا، جس کے دوران راستے میں ہی انہوں نے دم توڑ دیا۔
پتہ چلا ہے کہ ٹکر دینے والا بائک سوارتمپا موگیر (34) بھی حادثے میں شدید زخمی ہوا ہے اور اسے بھٹکل سرکاری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد پہنچانے کے بعد کنداپور اسپتال شفٹ کیا گیا ہے۔
مرحوم کے تعلق سے پتہ چلا ہے کہ وہ مسجد طورمیں موذن کی خدمات انجام دینے سے پہلے، مسجد معمور اور مسجد سعد بن ابی وقاص میں بھی موذن کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ نہایت دینداراور، پنچ وقتہ نمازی انسان تھے، حال ہی میں تبلیغی جماعت کے ساتھ قطر کے سفر سے واپس لوٹے تھے۔ پتہ چلا ہے کہ ان کا اکلوتا فرزند اور دُختر دونوں عالم دین کے ساتھ حافظ قران بھی ہیں۔
بینگلور سے بھائی اور دیگر رشتہ داروں کی موجودگی میں منگل کوبعد نماز ظہر جامع مسجد میں نماز جنازہ ادا کی گئی، اس موقع پر کثیر تعداد میں لوگ جنازے میں شریک تھے، جبکہ پرانے قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔
بھٹکل ٹاون پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔ پولس چھان بین کررہی ہے۔