سولیا ،30 / اکتوبر (ایس او نیوز) کُوکے سبرامنیا میں جمعرات صبح شادی کی خوشیاں اس وقت خوفناک ہو گئیں جب مہمانوں کو شادی کی تقریب میں لے جانے والا ایک ٹیمپو بسیل گھاٹ روڈ کے ایک تنگ موڑ پر الٹ گیا اور اس کے نتیجے میں 20 سے زیادہ لوگ زخمی ہو گئے، جن میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔
شادی کدوراستے کے وانگور کے ایک دولہے اور انیکالو کی ایک دلہن کے درمیان آدی سبرامنیا میں ہونی تھی ۔ دولہا اور دلہن گزشتہ روز شادی ہال پہنچے تھے ۔ جب کہ دولہے کے رشتہ دار تقریب میں شرکت کے لئے ٹیمپو میں جا رہے تھے کہ حادثہ پیش آیا ۔
عینی شاہدین کے مطابق گاڑی بلے کریو پر کنٹرول کھو بیٹھی اور ایک سیدھی ڈھلوان سے تقریباً 20 فٹ نیچے جاگری اور رکنے سے پہلے ہی پلٹ گئی ۔ حادثے کے مقام پر بچاو اور راحت رسانی کا کام کرنے والے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ "ہر طرف چیخیں اور افراتفری تھی - مقامی لوگ ایمبولینس کے پہنچنے سے پہلے ہی مدد کے لیے پہنچ گئے تھے ۔" حادثے میں
20 سے زیادہ مسافر زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کئی افراد کو شدید فریکچر اور سر پر چوٹیں آئی ہیں ۔ تمام زخمیوں کو سبرامنیا پرائمری ہیلتھ سنٹر میں ابتدائی طبی امداد دی گئی ۔ اس کے بعد مزید بہتر علاج کے لیے منگلورو کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ۔
مقامی رہائشیوں اور ایمرجنسی ٹیموں نے تیزی سے کام کرتے ہوئے زخمیوں کو تباہ شدہ گاڑی سے باہر نکالا اور بچاؤ کی کوششوں میں مدد کی ۔
پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
سبرامنیا پرائمری ہیلتھ سینٹر کے ایک اہلکار نے بتایا کہ "ہم نے مریضوں کو منتقل کرنے سے پہلے انہیں مستحکم کرنے کے لیے فوری علاج فراہم کیا ۔ ان میں سے کچھ کی حالت بہت سنگین ہے۔"