کاروار، 5 اگست: (ایس او نیوز) کرناٹک حکومت میں کابینہ درجے کے وزیر اور ضلع اُترکنڑا کے انچارج منسٹر لکشمن ساودی 6 اور 7 اگست کو اترکنڑا ضلع کا دو روزہ دورہ کریں گے، جس کے دوران وہ شدید بارش اور خشک سالی سے متعلق صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ عوامی نمائندوں اور ضلعی حکام کے ساتھ سلسلہ وار جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔
وزیر کے نجی سکریٹری کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 6 اگست کو صبح 11 بجے کاروار کے محکمہ تعمیرات عامہ (PWD) کے گیسٹ ہاؤس میں ضلع کے ارکان اسمبلی اور افسران کے ساتھ ابتدائی جائزہ اجلاس ہوگا۔ اس کے بعد دوپہر 12 بجے ڈپٹی کمشنر کے کانفرنس ہال میں شدید بارش اور خشک سالی سے متعلق ایک تفصیلی ضلعی سطح کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
اسی روز دوپہر 3 بجے وزیر انکولہ تعلقہ کے بارش اور خشک سالی سے متاثرہ منتخب مقامات کا معائنہ کریں گے، جبکہ شام 5 بجے ہوناور کے پی ڈبلیو ڈی انسپکشن بنگلو ( گیسٹ ہاؤس) میں کمٹہ، ہوناور اور بھٹکل تعلقوں کی صورتحال پر مقامی ارکان اسمبلی اور افسران کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد ہوگا، جس کے بعد متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا جائے گا۔
اگلے روز 7 اگست کو صبح 10:30 بجے سرسی تحصیلدار دفتر کے کانفرنس ہال میں سرسی اور سداپور تعلقوں کی صورتحال پر اجلاس ہوگا۔ اس کے بعد 11:30 بجے سرسی تعلقہ اور دوپہر ایک بجے بنواسی علاقے میں شدید بارش اور خشک سالی سے متاثرہ مقامات کا معائنہ کیا جائے گا۔
بعد ازاں دوپہر 3 بجے منڈگوڈ کے پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاؤس میں یلاپور اور منڈگوڈ تعلقوں کے عوامی نمائندوں اور افسران کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد ہوگا، جبکہ شام 4:30 بجے ہلیال کے پربھون (ٹاؤن ہال) میں ہلیال، ڈانڈیلی اور جوئیڈا تعلقوں کی صورتحال پر اجلاس کے بعد متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق اس دورے کا مقصد شدید بارش اور خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کی زمینی صورتحال کا جائزہ لینا، نقصانات کا اندازہ لگانا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کرنا ہے۔