منگلورو ، 26 / اکتوبر (ایس او نیوز) منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی طرف سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق اب یہاں سے مزید اندرون ملک اور بیرون ملک پروازیں شروع ہونگی ۔
بین الاقوامی سطح پر دمام، دوحہ، کویت، جدہ اور بحرین کے لئے مزید ہفتہ وار پروازیں جاری ہونگی جس کا آغاز اتوار کے دن سے ہو رہا ہے ۔
ایئر انڈیا ایکسپریس منگلورو سے دبئی کے لئے ہفتے کے چھ دن روزانہ دو پروازیں جاری رہیں گی اور ہر منگل کے دن ایک فلائٹ چلے گی ۔ ابوظہبی کے لئے روزانہ ایک فلائٹ اور دمام کے لئے ہفتے میں پانچ ، بحرین، دوحہ، کویت اور جدہ کے لئے بالترتیب ہفتے میں تین پروازیں دستیاب رہیں گی ۔
انڈیگو ایئر لائنس کی جانب سے روزانہ ایک فلائٹ ابوظہبی کے لئے اور دبئی کے لئے ہفتے میں چار پروازوں کی سروس فراہم کی جائے گی ۔
ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ منگلورو سے آپریٹ کرنے والی ایئر انڈیا ایکسپریس اور انڈیگو ایئر لائنس نے 28 مارچ 2026 تک شیڈول کے لئے پوری طرح تیاری کر لی ہے ۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ اتوار سے ایئر انڈیا ایکسپریس منگلورو سے دہلی کے لئے ایک نئی روزانہ فلائٹ شروع کر رہی ہے جبکہ پہلے ہی سے اس کی ایک سروس دہلی سے منگلورو کےلئے جاری ہے ۔ فی الحال انڈیگو اسی روٹ پر اپنی ایک فلائٹ چلا رہی ہے ۔ اس طرح 27 اکتوبر سے اب منگلورو اور دہلی کے درمیان روزانہ تین پروازیں دستیاب رہیں گی ۔
منگلورو اور بینگلورو کے درمیان ایئر انڈیا ایکسپریس کی روزانہ دو پروازوں اور منگلورو سے ممبئی کے لئے روزانہ ایک پرواز کا سلسلہ جاری رہے گا ۔
منگلورو سے براہ راست تھیرو اننت پورم کے لئے ایئر انڈیا ایکسپریس کی طرف سے ہفتے میں تین پروازیں پیر، بدھ اور جمعہ کے دن دستیاب رہیں گی جس کا آغاز 27 اکتوبر سے ہو رہا ہے ، جبکہ تھیرو اننت پورم سے منگلورو کے لئے منگل، جمعرات اور اتور کے دن پروازیں دستیاب رہیں گی ۔
انڈیگو ایئر لائنس منگلورو سے بینگلورو کے لئے ہفتے میں چھ فلائٹس، ممبئی کے لئے تین، حیدرآباد کے لئے دو کے علاوہ دہلی اور چینئی کے لئے ایک ایک پرواز کی سروس فراہم کرے گی ۔