منگلورو ، 18/ جنوری (ایس او نیوز) ہتھیاروں سے لیس لٹیروں نے کے سی روڈ پر واقع کوٹیکر اگریکلچرل کو آپریٹیو سوسائٹی میں دن دھاڑے ڈاکہ ڈالتے ہوئے 5 لاکھ روپے نقد اور 15 کروڑ روپے مالیت کے سونے کے زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ڈکیتی کا یہ واقعہ کوٹیکر بینک کی الال شاخ بھورے رنگ کی فیاٹ کار میں آنے والی لٹیروں کی گینگ 6 ارکان پر مشتمل تھی جو بندوقوں اور تلواروں سے لیس تھے ۔ انہوں نے ڈراتے دھمکاتے ہوئے بینک کے اندر داخل ہونے کے بعد تین خواتین اور ایک مرد اہلکار کے علاوہ ایک سی سی ٹی وی ٹیکنی شین کو بندوقوں کے نشانے پر لیا اور مزاحمت کرنے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے انہیں بینک کا لاکر کھولنے پر مجبور کیا، جس کے بعد اس میں موجود تمام سونے کے زیورات پر ہاتھ صاف کیا اور پھر موقع پر فرار ہوگئے ۔
واردات کی اطلاع ملنے پر اسمبلی اسپیکر یو ٹی قادر نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور مجرموں کو گرفتار کرنے کی کارروائی تیزی سے انجام دینے کی ہدایت دی ۔
آج صبح 11:30 اور 12:30 بجے کے دوران پیش آئی اس ڈکیتی کے بارے میں عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کی واردات کے دوران بینک والی عمارت کے گراونڈ فلور پر واقع بیکری میں موجود طلبہ کے ایک گروپ کو لٹیروں نے بینک سے دور رہنے کو کہا ۔ لٹیرے آپس میں کنڑا میں بات چیت کر رہے تھے، لیکن انہوں نے بینک اسٹاف کو ہندی زبان میں مخاطب کیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ بینک کا سی سی ٹی وی سسٹم خراب ہوگیا تھا اور جس وقت ڈکیتی کی واردات پیش آئی اس وقت سی سی ٹی وی سسٹم کی مرمت کا کام چل رہا ہے ۔ اس کام میں مصروف ٹیکنی شین کو بھی لٹیروں نے اپنے نشانے پر لیا تھا ۔
الال پولیس کی ٹیم، فنگر پرنٹس ماہرین اور دیگر تحقیقاتی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی واردات کے تعلق سے ثبوت اور سراغ تلاش کرنے میں مصروف ہوگئیں ۔ مجرموں کی گرفتاری کے لئے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ پولیس افسران نے اس وقت واردات کے لئے استعمال کی گئی بھورے رنگ کی فیاٹ کار کا سراغ پر اپنی پوری توجہ مبذول کی ہے ۔