منگلورو، 3 / جولائی (ایس او نیوز) منگلورو نارتھ ٹریفک پولیس اسٹیشن کے حدود میں سورتکل کے مادھوا نگر کے قریب دو بسوں کے درمیان تصادم پیش آیا جس میں دوونوں بسوں کے ڈرائیوروں اور 14 طلباء سمیت 28 افراد زخمی ہو گئے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ایک بس شہر کے اسٹیٹ بینک بس ٹرمینل سے چیلیارو کی طرف جا رہی تھی جس میں اسکولوں اور کالج کے طلبہ اور اساتذہ سوار تھے جب کہ ایک اور بس جو چلیارو بجپے کی طرف آ رہی تھی ، مبینہ طور پر لاپروائی کے ساتھ غلط رخ سے سامنے آتے ہوئے اس سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے نتیجے میں متعدد مسافر زخمی ہو گئے جن میں سے چار شدید زخمی ہو گئے ۔
متاثرہ مسافروں میں، دونوں بس ڈرائیورس، ایک کنڈکٹر، طلباء، اساتذہ اور عام مسافر شامل ہیں ۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں علاج کے لیے منتقل کردیا گیا ہے اور وہ سب خطرے سے باہر بتائے گئے ہیں ۔
حادثے کا پورا منظر شہر سے جا رہی بس کے ڈیش بورڈ کیمرے میں قید ہوا ہے جس کی بنیاد پر منگلورو نارتھ ٹریفک پولیس اسٹیشن میں بجپے کی طرف جانے والی بس ڈرائیور کے خلاف ایک کیس درج کیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں ۔