مینگلور، 14 اکتوبر (ایس او نیوز): مینگلور میں ایک مسلم کیب ڈرائیور کو "دہشت گرد" کہہ کر ہراساں کرنے کے الزام میں ملیالم فلم اداکار جے کرشنن، سنتوش ابراہام اور ومل نامی تین افراد کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اُروا پولیس اسٹیشن نے اس معاملے میں اداکار جے کرشنن اور سنتوش ابراہام کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ 9 اکتوبر کی رات پیش آیا، جب اداکار جے کرشنن نے اوبر اور ریپیڈو ایپ کے ذریعہ ایک کیب بُک کی تھی۔ ڈرائیور احمد شفیق کے مطابق، انہوں نے بُکنگ کی تصدیق کے لیے ایپ کے ذریعہ مسافر سے رابطہ کیا تو گفتگو کے دوران ملزم نے ان کے مذہب کا مذاق اُڑاتے ہوئے انہیں "مسلم دہشت گرد" قرار دیا۔ شکایت میں احمد شفیق نے الزام لگایا ہے کہ نہ صرف انہیں "مسلم بھیاوَتپادَک" (دہشت گرد) کہا گیا بلکہ ان کی والدہ کے بارے میں ملیالم زبان میں نازیبا الفاظ بھی استعمال کیے گئے۔
احمد شفیق کی شکایت پر اُروا پولیس نے بھارتی انصاف قانون (BNS) کی دفعات 352 اور 353(2) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اداکار جے کرشنن اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مذہبی بنیاد پر توہین اور اشتعال انگیزی کے الزام میں تفتیش جاری ہے۔