ممبئی ،9/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مہاراشٹر میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) سے متعلق جاری ہونے والی ایک رپورٹ نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ریاست میں ایس آئی آر کے بعد تقریباً 2.07 کروڑ ووٹرز کے نام مسودہ ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔ اس کا اثر اسمبلی کی 190 سیٹوں پر پڑ سکتا ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ کئی سیٹوں پر حذف کیے گئے ووٹرز کی تعداد کامیاب امیدوار کی جیت کے فرق سے بھی زیادہ ہے۔
اس رپورٹ میں ممبئی کی کولابہ اسمبلی سیٹ کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس سیٹ پر حذف کیے گئے ووٹرز کی تعداد 2024 کے انتخابات میں ڈالے گئے مجموعی ووٹوں سے بھی زیادہ ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ حذف کیے گئے ناموں میں شیخ، پاٹل اور پوار خاندانی نام رکھنے والے ووٹرز کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ خواتین کے نام حذف ہونے کی تعداد مردوں کے مقابلے میں دو گنا بتائی گئی ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسمبلی کے 190 حلقوں میں ایسے ووٹرز کی تعداد، جن کے نام موت کے علاوہ دیگر وجوہات کی بنا پر حذف کیے گئے ہیں، 2024 کے انتخابات میں کامیاب امیدوار کی جیت کے فرق سے زیادہ ہے۔ 95 سیٹوں پر ایسے ووٹرز کے نام حذف کیے گئے ہیں جن کا پتہ نہیں چل سکا یا جو اپنے پتے پر موجود نہیں ملے۔ ان کی تعداد بھی جیت کے فرق سے زیادہ ہے۔ مہاوکاس اگھاڑی کی جیتی ہوئی سیٹوں پر 18.5 فیصد اور مہایوتی کی جیتی ہوئی نشستوں پر 17.6 فیصد ووٹرز کے نام ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔
رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق مہاراشٹر میں شیخ خاندانی نام والے 7.54 لاکھ، پاٹل خاندانی نام والے 4.84 لاکھ، خان خاندانی نام والے 3.69 لاکھ، جادھو خاندانی نام والے 3.40 لاکھ اور پوار خاندانی نام والے 2.75 لاکھ ووٹرز کے نام مسودہ فہرست میں شامل نہیں ہیں۔ رپورٹ کا سب سے اہم دعویٰ یہ ہے کہ ڈرافٹ ووٹر لسٹ سے حذف کیے گئے ووٹرز میں سے 83.2 فیصد لوگ زندہ ہیں۔ ان میں 46 فیصد ووٹر 40 سال سے کم عمر کے ہیں۔ ممبئی میں 34.7 فیصد اور تھانے ضلع میں 35.4 فیصد ووٹروں کے نام حذف کیے گئے ہیں۔ مہاراشٹر کے دیگر حصوں میں یہ تعداد 19.5 فیصد ہے۔
رپورٹ کے مطابق حذف کیے گئے ناموں میں 14.6 فیصد ایسے ووٹرز کے ہیں جن کے نام مسلم ہیں، جبکہ ریاست کی مجموعی ووٹر لسٹ میں ان کا تناسب 11.8 فیصد ہے۔ ممبئی شہر میں یہ تناسب 28.4 فیصد اور ممبئی کے مضافاتی علاقوں میں 24.1 فیصد بتایا گیا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مسلم نام والے ووٹروں کے نام پہلے سے کسی دوسری جگہ درج ہونے کی وجہ سے حذف ہونے کا خدشہ دیگر ووٹروں کے مقابلے میں 2.07 گنا زیادہ ہے۔ تیسری جنس کے ووٹرز کے معاملے میں بھی اعداد و شمار حیران کرنے والے ہیں۔ 2024 کی ووٹر لسٹ میں درج 6,101 تیسری جنس کے ووٹرز میں سے 3,250 یعنی 53.3 فیصد کے نام ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ممبئی سے باہر 18 سے 29 سال کی عمر کے جن ووٹرز کو مستقل طور پر دوسری جگہ منتقل بتایا گیا ہے، ان میں 8 لاکھ 22 ہزار 798 خواتین اور 3 لاکھ 79 ہزار 991 مرد شامل ہیں۔ یعنی مردوں کے مقابلے میں خواتین کے نام حذف ہونے کی تعداد 2.2 گنا زیادہ ہے۔ رپورٹ میں اس کی وجہ شادی کے بعد خواتین کا پتہ تبدیل ہونا اور نئے پتے پر ووٹر لسٹ میں دوبارہ نام درج نہ ہونا بتایا گیا ہے۔ ضلع وار اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو پونے میں 28.7 لاکھ، تھانے میں 28.6 لاکھ، ممبئی کے مضافاتی علاقوں میں 26.6 لاکھ، ناگپور میں 14.4 لاکھ اور ناسک میں 10.3 لاکھ ووٹرز کے نام مسودہ فہرست میں شامل نہیں ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ کولکاتا کے صابر انسٹی ٹیوٹ نے مہاراشٹر میں ایس آئی آر کے عمل پر سوال اٹھائے ہیں۔ ادارے کے سربراہ صابر احمد کا الزام ہے کہ ووٹر لسٹ تیار کرنے میں استعمال کیے گئے سافٹ ویئر کی تکنیکی خامیوں کے باعث بڑی تعداد میں اہل ووٹروں کے نام حذف ہوگئے ہیں۔ ادارہ نے الیکشن کمیشن سے پورے عمل کی جانچ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ صابر احمد کا کہنا ہے کہ ووٹر شناختی کارڈ کا استعمال کئی سرکاری اور انتظامی کاموں میں بھی ہوتا ہے۔ ایسے میں ووٹر لسٹ سے نام حذف ہونے کی وجہ سے پاسپورٹ کی تجدید، ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، سرکاری اسکیموں اور طلبہ کے داخلوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔
ان الزامات پر مہاراشٹر کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے کہا ہے کہ ایس آئی آر کا عمل ابھی مکمل نہیں ہوا ہے۔ مسودہ ووٹر لسٹ میں نام شامل نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ووٹر کا نام ہمیشہ کے لیے حذف کردیا گیا ہے۔ ایسے ووٹروں کی معلومات جمع کرنے اور دوبارہ جانچ کا کام جاری ہے۔ کمیشن کے مطابق ریاست کے تقریباً 21 فیصد ووٹروں کے نام مسودہ فہرست میں شامل نہیں ہیں۔ ان میں سے 16.8 فیصد نام ووٹروں کی موت ہوجانے کی وجہ سے حذف کیے گئے ہیں۔
کمیشن نے یہ بھی کہا کہ ممبئی اور تھا نے میں دوسرے شہروں سے آنے جانے والے لوگوں کی تعداد زیادہ ہے۔ دہلی، بنگلورو اور چنئی جیسے بڑے شہروں میں بھی اسی وجہ سے ووٹر لسٹ سے نام حذف ہونے کی تعداد زیادہ رہتی ہے۔ مسلم ووٹرز کے معاملے میں صرف مذہب کی بنیاد پر کوئی نتیجہ اخذ کرنا درست نہیں ہے۔