ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کرور بھگدڑ معاملے پر ہائی کورٹ کا سخت اقدام، ہائی ویز پر ریلیاں اور روڈ شوز پر پابندی عائد

کرور بھگدڑ معاملے پر ہائی کورٹ کا سخت اقدام، ہائی ویز پر ریلیاں اور روڈ شوز پر پابندی عائد

Sat, 04 Oct 2025 12:32:55    S O News

چنئی  ، 4/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مدراس ہائی کورٹ نے ریاستی اور قومی شاہراہوں پر تمام سیاسی ریلیوں، روڈ شوز اور دیگر عوامی تقریبات پر پابندی لگا دی ہے۔ کرور میں گزشتہ ہفتے ہونے والی بھگدڑ کے تناظر میں یہ فیصلہ لیا گیا ہے، جس میں 40 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس طرح کے واقعات کے لیے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) وضع کئے جانے تک یہ پابندی نافذ رہے گی ۔ مفاد عامہ کی متعددعرضیوں کی سماعت کے دوران عدالت نے یہ حکم دیا جس میں معروف اداکار سے سیاست دان بنے وجے اور ان کی پارٹی تملگا ویٹی کزگم (ٹی وی کے) کی ریلی کے دوران بھگدڑ جیسے واقعات کو روکنے کے لیے ایس او پی بنانے کی ہدایت مانگی گئی تھی۔

اس موقع پر ریاستی حکومت نے عدالت کو یقین دلایا کہ جب تک کوئی ایس او پی تیار نہیں ہوجاتی، ریاستی اور قومی شاہراہوں پر مخصوص مقامات کے علاوہ کسی بھی اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جسٹس سینتھل کمار نے اداکار وجے کی انتخابی مہم سے متعلق حالیہ حادثے کے لیے تمل ناڈو پولیس کی سخت تنقید کی۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا کوئی معاملہ درج ہوا ہے؟ انہوں نے کہا کہ مقدمہ درج کرنے سے کون سی چیز روکتی ہے؟ خواہ کوئی شکایت درج نہ ہو تب بھی پولیس کو خود ہی مقدمہ درج کرنا چاہئے۔

مدراس ہائی کورٹ نے انڈین پولیس سروس کے سینئر افسر آسرا گرگ کی قیادت میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دینے کا حکم دیا۔ اس کے علاوہ ہائی کورٹ نے ٹی وی کے کے دو سینئر اہلکاروں کی پیشگی ضمانت کی درخواستوں کو بھی خارج کر دیا۔ یہ درخواستیں 27 ستمبر کو کرور میں پارٹی کی ریلی میں ہوئی بھگدڑ کے سلسلے میں دائر کی گئی تھیں۔ عدالت نے ٹی وی کے کے ریاستی جنرل سکریٹری بسی این آنند اور نائب جنرل سکریٹریسی ٹی آر نرمل کمار کی درخواستوں کو خارج کر دیا، جن کا نام اس واقعہ کی ایف آئی آر میں درج تھا۔


Share: