بنگلورو ، 17/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) نے ایس ایس ایل سی سالانہ امتحانات میں شریک ہونے والے طلبہ کے لیے خصوصی سہولت کا اعلان کیا ہے۔ اس کے تحت طلبہ کو امتحانی مدت کے دوران کارپوریشن کی بسوں میں مفت سفر کی اجازت دی گئی ہے۔
جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ایس ایس ایل سی سالانہ امتحانات 18 مارچ 2026 سے 2 اپریل 2026 تک منعقد ہوں گے۔ اس دوران امتحان میں شریک طلبہ اپنے گھر سے مقررہ امتحانی مرکز تک جانے اور واپس آنے کے لیے کے ایس آر ٹی سی کی بسوں میں مفت سفر کر سکیں گے۔
یہ سہولت کارپوریشن کی سٹی، مضافاتی (سبربن)، عام (آرڈنری) اور ایکسپریس بسوں میں دستیاب ہوگی۔ طلبہ کو بس میں سفر کے دوران اپنا ایس ایس ایل سی امتحانی داخلہ کارڈ (ہال ٹکٹ) دکھانا لازمی ہوگا۔
کے ایس آر ٹی سی کے چیف ٹریفک منیجر نے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور امتحانی مراکز تک بروقت پہنچنے کے لیے کارپوریشن کی بس خدمات استعمال کریں۔