کاسرگوڈ، 28 / اکتوبر ( ایس او نیوز) کُمبلے کے اننتاپورم انڈسٹریل ایسٹیٹ میں موجود پلائی فیکٹری کے بوائلر میں دھماکہ ہونے سے آسام سے تعلق رکھنے والا ایک مزدور فوت اور دس افراد زخمی ہو گئے ۔
ڈسٹرکٹ کلکٹر انباسیکر کے بیان کے مطابق فوت شدہ مزدور کا نام نصیرول ہے ۔ زخمیوں میں سے تین کی حالت سنگین بتائی جاتی ہے۔
موصولہ رپوٹ کے مطابق کل شام 7 بجے ڈیکور پینل پلائی اوڈ فیکٹری میں یہ دھماکہ پیش آیا جہاں تقریباً 300 مزدور کام کرتے ہیں اور ان میں سے زیادہ تر مزدوروں کا تعلق کیرالہ سے باہر دوسری ریاستوں سے ہے ۔ ڈسٹرکٹ انڈسٹریز سینٹر کے منیجر کے سجیت نے بتایا کہ جب دھماکہ ہوا اس وقت 20 مزدور ڈیوٹی پر تھے ۔
بتایا جاتا ہے کہ دھماکے کے فوراً بعد 20 مزدوروں کو اوپلا کے ڈاکٹرز ہاسپٹل میں منتقل کیا جہاں نصیرول نے دم توڑ دیا ۔ پھر وہاں سے بقیہ چھ مزدورں کو منگلورو کے اینے پویا ہاسپٹل میں منتقل کیا گیا ۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز ایک کلو میٹر دور تک سنائی دی اور اس کی وجہ سے تین سو میٹر تک احاطے میں موجود عمارتیں لرز گئیں ، دروازوں اور کھڑکیوں کو نقصان پہنچا ۔
ڈسٹرکٹ کلکٹر نے بتایا کہ پولیس نے احتیاطی اقدامات کے طور پر اس علاقے حفاظتی پابندیاں عائد کی ہیں ۔ ڈپارٹمنٹ آف فیکٹریز ایند بوئلرز نے کیمیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر ارناکولم کو اس واقعہ کی تفصیلی تحقیقات کرنے کی ہدایت جاری ہے ۔ تفتیشی رپورٹ موصول ہونے کے بعد اس کی بنیاد پر ضروری کارروائی کی جائے ۔