کاروار 4 / جولائی (ایس او نیوز) اتر کنڑا میں مسلسل برسات کے نتیجے میں آبی ذخیرے ضرورت سے زیادہ بھرنے لگے ہیں اور اس صورتحال پر قابو پانے کے لئے ڈیم سے افزود پانی چھوڑنے کی نوبت آ گئی ہے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق کدرا ڈیم کے آبی ذخیرے میں پانی کی مقدار کم کرنے جمعرات شام کو اس کے چار گیٹ کھولے گئے اور 12000 کیوسیکس پانی خارج کیا گیا ۔
آبی ذخیرے سے پانی چھوڑنے سے قبل ممکنہ خطرے کے پیش نظر احتیاطی تدبیر کے طور پر ڈیم کے اطراف نشیبی علاقے میں بسنے والے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لئے الرٹ جاری کیا گیا تھا ۔ اس کے علاوہ ندیوں میں کشتیاں اتارنے اور مچھلیوں کے شکار پر نکلنے سے بھی منع کیا گیا تھا ۔
خیال رہے کہ کدرا ڈیم کے اندر زیادہ سے زیادہ 34.5 میٹر پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہے جبکہ اس وقت اس میں موجود پانی کی سطح 30 میٹر کا نشان پار کر چکی ہے ۔
اسی کے ساتھ محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کیے گئے ریڈ الرٹ کے پس منظر میں ضلع ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے سرسی، سداپور، یلاپور اور جوئیڈا جیسے تعلقہ جات میں جمعہ کے دن آنگن واڈی مراکز اور پرائمری اسکولوں کے لئے چھٹی کا اعلان کیا تھا۔