کاروار 20 / دسمبر (ایس او نیوز) اتر کنڑا ضلع انچارج سیکریٹری رتیش کمار سنگھ کے طریقہ کار پر سخت تنقید کرتے ہوئے ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے نومبر میں الزام لگایا تھا کہ رتیش کمار سنگھ ٹھیکیدار کمپنیوں کے ساتھ سیٹلمنٹ [لین دین کرکے معاملہ رفع دفع کرنا] کی پالیسی گامزن ہیں ۔
اسی پس منظر میں پرسنیل اینڈ ایڈمنسٹریٹیو ریفارمس ڈپارٹمنٹ کی سیکریٹری ایس کلپنا نے اتر کنڑا انچارج سیکریٹری رتیش کمار سنگھ کے تبادلے کا حکم نامہ جاری کیا ہے ۔ اسی کے ساتھ اس عہدے پر کرناٹکا انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کی سیکریٹری سشما گوڈبولے کو اتر کنڑا انچارج سیکریٹری نامزد کیا گیا ہے ۔
خیال رہے کہ یکم نومبر کو کاروار مین راجیہ اتسوا پروگرام کے بعد اخبار نویسوں سے بات کرتے ہوئے وزیر منکال وئیدیا نے ہائی وے 766E کی توسیع اور سرسی - کمٹہ ہائی وے پوری طرح بند کرنے کے مسئلے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انچارج سیکریٹری پر الزام لگایا تھا کہ وہ آر این ایس، آئی آر بی جیسی ٹھیکیدار کمپنیوں کے ساتھ سیٹلمنٹ کرنے کا کام کر رہے ہیں ۔ اور وہ کسی بھی میٹنگ شرکت نہیں کرتے ۔
اس واقعے کے بعد ضلع انچارج وزیر اور ضلع انچارج سیکریٹری کے درمیان تلخیاں بڑھ گئی تھیں ۔ جس کا نتیجہ رتیش کمار سنگھ کے تبادلے اور ان کی جگہ پر سشما گوڈبولے کے تقرر کی شکل میں سامنے آیا ہے ۔