ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک: سکلیشپور میں تالاب کے کیچڑ میں پھنس کر دو طلبہ کی موت

کرناٹک: سکلیشپور میں تالاب کے کیچڑ میں پھنس کر دو طلبہ کی موت

Sat, 07 Mar 2026 20:32:31    S O News

سکلیشپور، 7 مارچ (ایس او نیوز): کرناٹک کے ضلع ہاسن کے سکلیشپور تعلقہ کے اوم نگر علاقے میں تالاب میں نہانے کے دوران دو طلبہ کیچڑ میں پھنس کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ یہ افسوسناک واقعہ سنیچر کو پیش آیا۔

مہلوکین کی شناخت بھرت (18) اور مِتھن (19) کے طور پر کی گئی ہے۔ دونوں پالیہ سرکاری پری یونیورسٹی کالج کے طالب علم تھے۔ مِتھن پی یو سی دوم کا طالب علم تھا جبکہ بھرت پی یو سی اول میں زیرِ تعلیم تھا۔

اطلاعات کے مطابق چار دوست قریبی علاقے میں واقع پرکاش نامی شخص کے کافی کے باغ میں موجود تالاب میں نہانے کے لیے گئے تھے۔ اسی دوران بھرت اور مِتھن تالاب کے اندر موجود گہرے کیچڑ میں پھنس گئے اور ڈوبنے لگے۔ انہیں ڈوبتا دیکھ کر ان کے ساتھ موجود دیگر دو طلبہ خوفزدہ ہو کر تالاب سے باہر نکل آئے۔

بعد ازاں مقامی لوگوں نے تالاب میں تلاشی مہم چلا کر غرقاب دونوں طلبہ کی لاشیں باہر نکالیں۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سکلیشپور دیہی پولیس تھانے کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور معائنہ کیا۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔


Share: