ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک کابینہ توسیع: بھٹکل کے منکال ویدیا آخری لمحے میں وزارت سے محروم

کرناٹک کابینہ توسیع: بھٹکل کے منکال ویدیا آخری لمحے میں وزارت سے محروم

Mon, 03 Aug 2026 14:03:15    S O News
کرناٹک کابینہ توسیع: بھٹکل کے منکال ویدیا آخری لمحے میں وزارت سے محروم

بھٹکل 3/اگست (ایس او نیوز): کرناٹک کابینہ کی توسیع آخری لمحے میں اہم موڑ اختیار کر گئی، جہاں وزارت ملنے کی مضبوط امید رکھنے والے بھٹکل کے کانگریس رکن اسمبلی منکال ویدیا کو آخری فہرست میں جگہ نہیں مل سکی۔ تازہ اطلاعات کے مطابق سینئر کانگریس لیڈر ایس۔ ایس۔ ملیکارجن کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں اس مرحلے کی کابینہ توسیع میں اترکنڑا ضلع کو کوئی نمائندگی حاصل نہیں ہو سکی۔

پیر کے روز ہونے والی کابینہ توسیع سے قبل آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری  کے سی وینو گوپال کا ایک خط جو وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کے نام تھا، سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا جس میں 20 ارکان اسمبلی کو وزارت میں شامل کرنے ہدایت دی گئی تھی، اور اس لسٹ میں منکال وئیدیا کا بھی نام شامل ہے، مگر بتایا جا رہا ہے کہ کانگریس ہائی کمان نے آخری مرحلے میں وزراء کی فہرست میں تبدیلی کی۔ پتہ چلا ہے کہ آخری فہرست میں ان کی جگہ سینئر رہنما ایس۔ ایس۔ ملیکارجن کو موقع دیا گیا۔

اترکنڑا ضلع میں کانگریس کے چار ارکان اسمبلی ہیں۔ ذرائع کے مطابق آر۔ وی۔ دیشپانڈے، منکال ویدیا اور ستیش سئیل سمیت کئی رہنماؤں نے وزارت کے حصول کے لیے دہلی کی سطح پر لابنگ کی تھی۔ سیاسی مبصرین کے مطابق آخری مرحلے تک آر۔ وی۔ دیشپانڈے اور منکال ویدیا کے نام سب سے زیادہ زیر بحث رہے۔

منکال ویدیا کے حامیوں کو امید تھی کہ ماہی گیر برادری کی نمائندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں کابینہ میں شامل کیا جائے گا، لیکن حلف برداری کی تقریب سے قبل ہی فہرست میں تبدیلی کر دی گئی اور داونگیرے شمال حلقہ کے سینئر کانگریس رہنما ایس۔ ایس۔ ملیکارجن کو وزیر بنایا گیا۔

اس فیصلے کے بعد منکال ویدیا کے حامیوں میں مایوسی پائی جا رہی ہے، جبکہ اترکنڑا ضلع کو کابینہ کی اس توسیع میں نمائندگی نہ ملنے پر سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ پیر کو جاری ہونے والی کابینہ توسیع کی رپورٹس میں ایس۔ ایس۔ ملیکارجن کو وزارت دیے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔


Share: