رانچی، 2/ اگست (ایس او نیوز / ایجنسی) جھارکھنڈ کے وزیر تعلیم رامداس سورین، جو اپنے گھر کے باتھ روم میں گرنے کے بعد شدید طور پر زخمی ہو گئے تھے، اس وقت دہلی کے اپولو اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت اب بھی نازک ہے۔ ان کی موت کی خبریں سوشل میڈیا پر پھیل گئیں، جنہیں سابق ایم ایل اے اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ (JMM) لیڈر کنال سرنگی نے مسترد کر دیا ہے۔
کنال سرنگی نے ایکس (X) پر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ "رامداس سورین جی کی حالت واقعی نازک ہے، مگر وہ مستحکم ہیں۔ ہم دہلی پہنچنے والے ہیں، براہ کرم میڈیا بغیر تصدیق کے کوئی خبر نہ چلائے۔"
رامداس سورین، جنہوں نے 1980 میں JMM سے اپنا سیاسی سفر شروع کیا تھا، پارٹی کے نمایاں رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ گھاٹ شلا سے ایم ایل اے ہیں اور حال ہی میں وزیر بنائے گئے تھے۔ وہ گردے کے پرانے مریض ہیں اور دہلی کے اپولو اسپتال میں پہلے سے ہی زیر علاج تھے، اسی وجہ سے انہیں فوری دہلی ایئرلفٹ کیا گیا۔
ریاست کے وزیر صحت عرفان انصاری نے بھی سوشل میڈیا پر بتایا کہ "باتھ روم میں گرنے سے رامداس سورین کو سر پر چوٹ لگی ہے، ان کے دماغ میں خون جم گیا ہے، اس وجہ سے حالت نازک بنی ہوئی ہے۔"
پارٹی کے اندرونی ذرائع کے مطابق فی الحال ان کی حالت پر قریبی نگرانی رکھی جا رہی ہے۔