منگلورو، 18 /جولائی (ایس او نیوز ) دیہی پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی محکمہ کی کمشنر بی فوزیہ ترنم نے جل جیون مشن اور سوچھ بھارت مشن کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کو تیز رفتاری اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کرنے کی سخت ہدایت دی ہے۔
دکشن کنڑا میں ضلع پنچایت کے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاری شدہ فنڈز کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے تمام زیر التوا منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ کاموں کا باقاعدہ معائنہ کریں اور اپنی ذمہ داری پوری سنجیدگی سے نبھائیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے، پانی کے نمونوں کی باقاعدہ جانچ کی جائے اور آلودہ پانی کی فراہمی ہرگز نہ ہونے دی جائے۔ اس موقع پر کڈبا اور بنٹوال تعلقوں میں جاری مختلف آبی منصوبوں اور ویسٹ ٹریٹمنٹ مراکز کا بھی جائزہ لیا گیا۔