ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / عمان کے قریب ہندوستانی جہاز ’وراٹ 1‘ میں فنی خرابی، 14 شہری سوار؛ ریسکیو آپریشن جاری

عمان کے قریب ہندوستانی جہاز ’وراٹ 1‘ میں فنی خرابی، 14 شہری سوار؛ ریسکیو آپریشن جاری

Sun, 14 Jun 2026 19:59:37    S O News
عمان کے قریب ہندوستانی جہاز ’وراٹ 1‘ میں فنی خرابی، 14 شہری سوار؛ ریسکیو آپریشن جاری

مسقط، 14/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)عمان کے ساحل کے قریب ہندوستانی پرچم بردار جہاز ’وراٹ 1‘ میں فنی خرابی کے بعد اس پر سوار 14 ہندوستانی عملے کے ارکان کی مدد کے لیے تلاش اور بچاؤ کی کارروائی جاری ہے۔ عمان میں ہندوستانی سفارت خانے نے اتوار کو اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ’وراٹ 1‘ نامی مکینیکل سیلنگ ویسل عمان کے ساحل کے قریب مشکل کا شکار ہوا ہے۔ جہاز پر 14 ہندوستانی عملے کے ارکان موجود ہیں اور ان کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے عمانی حکام کے ساتھ مل کر سرچ اور ریسکیو آپریشن چلایا جا رہا ہے۔

بیان کے مطابق امدادی کارروائی میں علاقے میں موجود دیگر بحری جہاز بھی حصہ لے رہے ہیں۔ سفارت خانہ عمانی حکام اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ جہاز اور اس پر موجود عملے کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کی جا سکیں۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب خلیجی خطے میں بحری سلامتی کے مسائل پر بین الاقوامی توجہ مرکوز ہے۔ گزشتہ دنوں ہندوستان نے خلیج فارس کے علاقے میں ہندوستانی ملاحوں کو لے جانے والے تجارتی جہازوں سے متعلق بعض واقعات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا۔

اس سے قبل عمان میں ہندوستانی سفارت خانے نے اطلاع دی تھی کہ ’ایم ٹی جل ویر‘ پر سوار تمام 20 ہندوستانی عملے کے ارکان کو کامیابی کے ساتھ بچا لیا گیا تھا۔ تازہ واقعے میں بھی متعلقہ ادارے ’وراٹ 1‘ پر موجود عملے کی حفاظت کے لیے سرگرم ہیں جبکہ ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے۔


Share: