ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / تیل بحران کے باوجود ہندوستان بنگلہ دیش کو 5000 ٹن ڈیزل فراہم کرے گا

تیل بحران کے باوجود ہندوستان بنگلہ دیش کو 5000 ٹن ڈیزل فراہم کرے گا

Wed, 11 Mar 2026 12:44:25    S O News

نئی دہلی  ، 11/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)ہندوستان پائپ لائن کے ذریعے بنگلہ دیش کو تقریباً  5000 ٹن  ڈیزل فراہم کرے گا۔ اطلاعات کے مطابق یہ کھیپ  پاربتی پور سرحدی راستے سے بنگلہ دیش پہنچنے کی توقع ہے۔ یہ سپلائی دونوں ملکوں کے درمیان طے شدہ معاہدے کے تحت کی جا رہی ہے جس کے مطابق ہندوستان ہر سال پائپ لائن کے ذریعے بنگلہ دیش کو 1 لاکھ 80 ہزار ٹن ڈیزل فراہم کرے گا۔ بنگلہ دیش پیٹرولیم کارپوریشن کے چیئرمین محمد رضان الرحمٰن نے بتایا کہ موجودہ کھیپ اسی معاہدے کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق معاہدے کے تحت ہر چھ ماہ کے دوران تقریباً 90 ہزار ٹن ڈیزل بنگلہ دیش کو فراہم کیا جانا طے ہے۔

بی پی سی کے چیئرمین نے کہا کہ آج آنے والی کھیپ 5000 ٹن کی ہے اور امید ہے کہ آئندہ 2 ماہ کے اندر 6 ماہ کے لیے طے شدہ ڈیزل کی مقدار ملک میں درآمد کر لی جائے گی۔ یہ سپلائی ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب بنگلہ دیش میں تاجروں کے ذریعہ غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور بازار میں ہیرا پھیری کے متعلق تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کچھ تاجر غیر قانونی طور پر ایندھن جمع کر کے مصنوعی قلت پیدا کر رہے ہیں۔

بنگلہ دیش کی وزارت توانائی نے ان رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے گاڑیوں کے زمروں کی بنیاد پر ایندھن کی سپلائی کی حد مقرر کر دی ہے، تاکہ مصنوعی قلت کی صورت حال سے نمٹا جا سکے۔ حالانکہ کچھ پٹرول پمپوں پر طے شدہ حدود سے زائد ایندھن فروخت کیے جانے اور اضافی اسٹاک جمع کر منافع کمانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

وزارت توانائی نے بتایا کہ ایندھن کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور طے شدہ حدود سے زائد فروخت روکنے کے لیے موبائل کورٹ مہم چلائی گئی۔ اس دوران ایک ایگزیکٹو مجسٹریٹ نے ڈھاکہ کے مختلف فیول اسٹیشنوں پر کارروائی کی۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ سٹی فلنگ اسٹیشن پر ایندھن دستیاب نہیں تھا، جبکہ کلین فیول اسٹیشن قوانین کے مطابق کام کر رہا تھا۔


Share: