ہوناور، 20 اکتوبر (ایس او نیوز):تعلقہ کے کاسرکوڈ کے ونائیک کیری علاقے میں اتوار کی رات پیش آنے والے ایک المناک حادثے میں بجلی کا ٹوٹا ہوا تار چھونے سے میاں بیوی کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق، جاں بحق افراد کی شناخت سنتوش گوڑا اور ان کی اہلیہ شیتو گوڑا کے طور پر کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سنتوش گوڑا کے گھر کے قریب سے گزرتی بجلی لائن کا ایک تار اچانک ٹوٹ کر زمین پر گر گیا، اور دونوں میاں بیوی انجانے میں اس کی زد میں آ گئے۔ واقعے میں ناگ راج گوڑا کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ملی ہے۔
حادثے کے فوراً بعد میاں بیوی کی لاشوں کو ہوناور کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بڑی تعداد میں مقامی افراد اور مہلوکین کے رشتہ دار جمع ہوگئے۔ انہوں نے اس حادثے کے لیے ہیسکام کی غفلت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے شدید احتجاج کیا اور انصاف کی فراہمی تک لاشوں کو وصول کرنے سے انکار کردیا۔
پیر کی صبح ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر منکال وئیدیا اسپتال پہنچے، انہوں نے جاں بحق جوڑے کے دو بیٹوں کو ملازمت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ساتھ ساتھ ہیسکام عملہ کے خلاف کرروائی کا بھی یقین دلایا، جس کے بعد احتجاج ختم کیا گیا۔
اس واقعے کے سلسلے میں ہوناور پولیس اسٹیشن میں ہیسکام کے لائن مین اشوک، سیکشن آفیسر پرساد، اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر رام کرشنا بھٹ اور کاسرکوڈ گرِڈ عملے کے خلاف شکایت درج کرائی گئی ہے۔
شیتو گوڑا کے بھائی سبرایا گوڑا نے پولیس کو دی گئی شکایت میں الزام لگایا ہے کہ تین ماہ قبل ہی ہیسکام کو اطلاع دی گئی تھی کہ سنتوش گوڑا کے گھر کے اوپر سے گزرتی بجلی لائن خستہ حال ہوچکی ہے اور کسی بھی وقت گرنے کا خطرہ ہے، مگر اس کی مرمت یا تبدیلی کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔
شکایت میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حادثے کے بعد ہیسکام دفتر کو بارہا فون کرنے کے باوجود وہاں سے کوئی جواب نہیں ملا۔ اس غفلت اور لاپرواہی کے نتیجے میں دو قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے، جس پر عوامی سطح پر غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔