ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرسی میں موسلادھار بارش، کئی نشیبی علاقے زیرِ آب، ندی نالوں میں طغیانی

سرسی میں موسلادھار بارش، کئی نشیبی علاقے زیرِ آب، ندی نالوں میں طغیانی

Sun, 02 Aug 2026 18:33:43    S O News
سرسی میں  موسلادھار بارش، کئی نشیبی علاقے زیرِ آب، ندی نالوں میں طغیانی

سرسی   2 اگست (ایس او نیوز) : اُترکنڑا ضلع کے سرسی تعلقہ میں گزشتہ دو دنوں سے جاری موسلادھار بارش کا سلسلہ اتوار کو بھی برقرار رہا، جس کے باعث متعدد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، ندی نالوں میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور شہری زندگی متاثر ہوئی۔ محکمہ موسمیات (IMD) نے ساحلی کرناٹک، بالخصوص اترکنڑا میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی شدید بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے لوگوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔

سرکاری موسمیاتی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سرسی میں 52.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ اگمبے، برہماور اور کوڈاگو سمیت ملناڈ خطے کے کئی مقامات پر اس سے بھی زیادہ بارش ہوئی۔ مسلسل بارش کے باعث سرسی اور اطراف کے ندی نالے لبریز ہو رہے ہیں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

 سرسی  کے متعدد رہائشی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور  کینگرے ہولے (Kengre Hole) میں طغیانی کی وڈیوز سوشیل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں  جبکہ بعض دیہی علاقوں میں کھیتوں اور کنکٹنگ سڑکوں پر بھی پانی پھیلنے کی اطلاعات ہیں۔

sirsi-rain-2

دوسری جانب، مسلسل بارش کے سبب پورے ملناڈ خطے میں لینڈ سلائیڈ کا خطرہ برقرار ہے۔یاد رہے کہ  پڑوسی ضلع  شموگہ کے  تیرتا ہلّی میں اتوار کی علی الصبح پہاڑی کا ایک حصہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہوگئے ہیں ، جس کے بعد محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے مغربی گھاٹ کے حساس علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے اپنی تازہ پیش گوئی میں کہا ہے کہ ساحلی کرناٹکا کے تینوں اضلع  اترکنڑا، اُڈپی اور دکشن کنڑا  میں اتوار اور پیر کو بھی کہیں کہیں شدید بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ انتظامیہ نے نشیبی علاقوں کے مکینوں، ندی اور نالوں کے کنارے رہنے والوں اور گھاٹ  کے علاقوں  پر سفر کرنے والوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔


Share: