ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نیو شمس پی یو کالج بھٹکل میں چار نئے لیبارٹریوں کا افتتاح

نیو شمس پی یو کالج بھٹکل میں چار نئے لیبارٹریوں کا افتتاح

Mon, 20 Oct 2025 12:43:14    S O News
نیو شمس پی یو کالج بھٹکل میں چار نئے لیبارٹریوں کا افتتاح

بھٹکل،  20/اکتوبر (ایس او نیوز) نیو شمس پی یو کالج بھٹکل میں اتوار کے روز چار جدید لیبارٹریوں — فزکس، کیمسٹری، بایولوجی اور کمپیوٹر — کا افتتاح عمل میں آیا۔

اس موقع پر شمس کے چیئرمین انجینئر نذیر احمد قاضی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ یہ لیبارٹریاں طلبہ میں سائنسی تجسس کو فروغ دینے اور عملی تجربات کے ذریعے سیکھنے کے عمل کو مضبوط بنانے کے مقصد سے قائم کی گئی ہیں۔ انہوں نے قرآنِ کریم کی ایک آیت کا مفہوم بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے کائنات کے کسی بھی ذرے کو بے کار پیدا نہیں کیا، لہٰذا ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے خالق کی نشانیوں پر غور کریں اور علمِ نافع حاصل کر کے انسانیت کے لیے فائدہ مند بنیں۔

انہوں نے کہا کہ فزکس لیبارٹری میں طلبہ کو حرکات، بجلی اور روشنی جیسے بنیادی تصورات کو عملی طور پر سمجھنے کا موقع ملے گا، جب کہ کیمسٹری لیبارٹری میں وہ مختلف کیمیائی تجربات انجام دے کر مادّے کی تبدیلیوں کا مشاہدہ کر سکیں گے۔ بایولوجی لیبارٹری میں انسانی جسم، نباتات اور حیاتیاتی نظام کے مطالعہ کے لیے عملی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جبکہ کمپیوٹر لیبارٹری طلبہ کی ڈیجیٹل مہارتوں کو نکھارنے اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے طلبہ کو ان لیبارٹریس سے الگ الگ تجربات کرتے ہوئے آگے بڑھنے کی صلاح دی۔

مینگلور کالج کے پروفیسر ڈاکٹر عمران محتشم نے ربن کاٹ کر ایک لیبارٹری کا افتتاح کیا، جبکہ شمس کے سابق طلبہ انجینئر صفوان سعدا اور اسحاق رکن الدین نے دیگر دو لیبارٹریوں کا افتتاح انجام دیا۔

ڈاکٹر عمران محتشم نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دور میں انگلیوں کی ایک جنبش پر انفارمیشن کا خزانہ دستیاب ہے۔ گوگل کے بعد اے آئی اور دیگر ایپس نے علم کے نئے در وا کیے ہیں، مگر اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ طلبہ یہ سیکھیں کہ کس معلومات کو کس طرح مفید طور پر استعمال کیا جائے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنی منزل کا تعین کریں اور اپنے ہدف کے حصول کے لیے محنت کو اپنا شعار بنائیں۔

اس موقع پر شمس کے اہم ذمہ دار جناب قادر میراں پٹیل سمیت دیگر  نے بھی مختصر تاثرات پیش کیے۔ پروگرام کا آغاز افہام مصباح کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جب کہ سابق ناظم حافظ عبدالغنی رکن الدین کی دعا پر نشست اختتام پذیر ہوئی۔


Share: