ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سوشل میڈیا پر سیاسی اشتہارات نشر کرنے کے لیے پیشگی اجازت لازمی: الیکشن کمیشن

سوشل میڈیا پر سیاسی اشتہارات نشر کرنے کے لیے پیشگی اجازت لازمی: الیکشن کمیشن

Wed, 15 Oct 2025 11:06:59    S O News

 پٹنہ، 15 اکتوبر (ایس او نیوز/ایجنسی)آئندہ بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تمام قومی اور ریاستی سطح کی رجسٹرڈ سیاسی پارٹیوں اور امیدواروں کے لیے یہ لازمی قرار دیا ہے کہ سوشل میڈیا اور دیگر الیکٹرانک میڈیا پر نشر کیے جانے والے ہر سیاسی اشتہار کو پہلے میڈیا سرٹیفکیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی (ایم سی ایم سی)سے پیشگی منظوری حاصل کرنا ہوگی۔

کمیشن کی جانب سے ریاستی اور ضلعی سطح پر ایم سی ایم سی کمیٹیوں کی تشکیل کر دی گئی ہے، جو انتخابی مہم کے دوران نشر ہونے والے سیاسی اشتہارات کی جانچ کریں گی اور قواعد و ضوابط کے مطابق انہیں منظوری دیں گی۔ اب کوئی بھی سیاسی جماعت یا امیدوار بغیر پیشگی سرٹیفکیشن کے کسی بھی انٹرنیٹ پلیٹ فارم یا سوشل میڈیا ویب سائٹ پر سیاسی اشتہار نشر نہیں کر سکے گا۔

ایم سی ایم سی کمیٹیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ میڈیا میں شائع ہونے والی مشتبہ اور پیسے دے کر چھپوائی گئی خبروں پر سخت نگرانی رکھیں اور ضرورت پڑنے پر کارروائی کریں۔ الیکشن کمیشن کا یہ اقدام ووٹرز کو گمراہ کرنے والی خبروں اور تشہیری مواد پر روک لگانے کی سمت میں ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔

کمیشن نے امیدواروں کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ نامزدگی فارم جمع کراتے وقت اپنے تمام مستند سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات لازمی طور پر فراہم کریں۔ اس کا مقصد انتخابی مہم میں شفافیت برقرار رکھنا اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنانا ہے۔

علاوہ ازیں، ‘عوامی نمائندگی ایکٹ’ اور سپریم کورٹ کی ہدایات کے تحت تمام سیاسی پارٹیوں کو انتخابات کے اختتام کے 75 دنوں کے اندر سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر کیے گئے تشہیری اخراجات کی مکمل تفصیل الیکشن کمیشن کو فراہم کرنا ہوگی۔ اس میں انٹرنیٹ کمپنیوں اور سوشل میڈیا ویب سائٹس کو کی جانے والی ادائیگیاں، تشہیری مواد کی تیاری پر خرچ، اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے انتظام و انصرام کے اخراجات شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر کوشاں ہے۔


Share: