چنئی/ احمد آباد 20/ دسمبر (ایس او نیوز) ووٹر لسٹ کو درست کرنے کی خصوصی مہم 'ایس آئی آر' کے تحت نظر ثانی کے دوران تملناڈو میں 97 لاکھ سے زائد اور گجرات میں 73 لاکھ سے زائد نام ہوگئے فہرست سے خارج کیے گئے ہیں ۔
ریاستی چیف الیکشن کمیشن کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق ایس آئی آر کے تحت 73.73 لاکھ خارج کردہ ناموں کے بعد اب ریاست گجرات میں ووٹروں کی تعداد 5.08 کروڑ سے گھٹ کر اب 4.34 کروڑ ہو گئی ہے ۔ جبکہ تملناڈو میں اسی مہم کے تحت تیار کردہ نئی فہرست ضلع الیکشن کمشنروں کی طرف سے جاری کی گئی ہے جس کے مطابق وہاں ووٹروں کی جملہ تعداد 15.2% تک گھٹ گئی ہے اور موجودہ تعداد 5.4 کروڑ ہوگئی ہے ۔
تملناڈو کے اضلاع میں سب سے زیادہ کٹوتی چینئی ضلع میں دیکھی گئی ہے جو کہ 35.6% ہے ۔ یہاں پر 40.04 لاکھ ووٹرس موجود تھے ۔ 2025 کی نئی فہرست میں 14.25 لاکھ ووٹرس کے نام خارج کر دئے گئے ہیں ۔ مجموعی طور پر تملناڈو میں جن 97.4 لاکھ لوگوں کے نام ووٹر لسٹ سے خارج کیے گئے ہیں ان کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ان میں سے 53 لاکھ لوگ اپنے مقام سے منتقل ہوگئے ہیں، 27 لاکھ افراد فوت ہو چکے ہیں، 13.6 لاکھ غیر حاضر یا لاپتہ، 3.98 لاکھ نقلی ووٹرس تھے اور تقریباً 16,400 ووٹرس کے نام دیگر وجوہات کی بنیاد پر فہرست سے ہٹائے گئے ہیں ۔