منگلورو 23/ مئی (ایس او نیوز) محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق تقریباً 16 سال کے عرصے کے بعد کرناٹکا میں مانسون کا موسم اپنے مقررہ وقت سے شروع ہوگیا ہے ۔
محکمہ موسمیات [آئی ایم ڈی] کا کہنا ہے کہ ایک طرف بحیرہ عرب میں کم دباو کی وجہ سے اٹھنے والے طوفان نے اور دوسری طرف خلیج بنگال میں کمزور پڑنے والے طوفان نے مانسون کی ہواوں کو تیز کر دیا ہے جس کے نتیجے میں باضابطہ طور پر مانسون کا موسم 23 مئی سے کرناٹکا کے ساحلی علاقہ میں دستک دے چکا ہے۔
عام طور پر مانسوں کی آمد کے بارے میں محکمہ موسمیات کی طرف سے کی جانے والی پیشین گوئیاں صد فی صد درست ثابت نہیں ہوتیں بلکہ کبھی دو ایک دن پہلے اور کبھی دودن تاخیر سے برسات شروع ہوتی ہے ۔ مگر اس مرتبہ محکمہ موسمیات کے ماہرین پوری طرح پُراعتماد ہیں کہ اپنے مقررہ شیڈول سے تقریباً ایک ہفتے پہلے یعنی 23 مئی کو ساحلی علاقے سے مانسون کا آغاز ہوچکا ہے اور اس کے بعد یہ سلسلہ ریاست کے دوسرے علاقوں کی طرف بتدریج آگے بڑھے گا ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے قبل سال 2009 میں مانسون کا موسم اپنے مقررہ شیڈول سے پہلے شروع ہوا تھا ۔ اور اب سولہ سال بعد دوبارہ ایسا ہونے جا رہا ہے ۔
آئی ایم ڈی کے سائنسدان سیلوامنی نے بتایا کہ " قبل از وقت شروع ہونے والے مانسون کے مثبت نتائج بھی نکلتے ہیں اور اس کے منفی اثرات بھی ہوتے ہیں ۔ اس کا مثبت پہلو یہ ہے کہ کسانوں کو اپنی زرعی سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے موافق ماحول پیدا ہوتا ہے ۔ مگر ہمیں بارش کی مقدار اور اس کی تقسیم کے سلسلے میں محتاط رہنا چاہیے، کیونکہ کبھی کبھی غیر موسمی برسات کی وجہ سے سیلاب کے حالات پیدا ہوتے ہیں ۔
موسم کے تجزیہ کار سائی شیکھر نے اشارہ کیا کہ وقت سے پہلے برسات شروع ہونا ایک اچھی علامت ہے ۔ مگر جون کے پہلے ہفتے میں برسات کی تیزی کم ہو سکتی ہے ۔ پھر اس کے بعد جون کے درمیانی عرصے میں برسات کی رفتار اور مقدار بڑھ جائے گی ۔