بنگلورو ، 3/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک کے دیہی ترقی، پنچایت راج، آئی ٹی و بایوٹیکنالوجی کے وزیر پریانک کھرگے نے بتایا ہے کہ ای-سواتھو 2.0 سافٹ ویئر کے تحت ریاست بھر میں اب تک 1,14,907 درخواستوں کو منظوری دے کر نمٹا دیا گیا ہے۔ عوام کی جانب سے مجموعی طور پر 1,38,470 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 23,563 درخواستیں منظوری کے مرحلے میں زیر التوا ہیں۔وِکاس سودھا میں اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں دیہی ترقی و پنچایت راج محکمہ کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس کے بعد وزیر موصوف نے یہ معلومات فراہم کیں۔ اجلاس میں پنچایت راج محکمہ کے مختلف پروگراموں اور ای-سواتھو 2.0 کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ای-سواتھو 2.0 کے سٹیزن انٹرفیس کے ذریعے درخواستیں داخل کرتے وقت اور منظوری کے مرحلے میں بعض تکنیکی مسائل پیش آ رہے تھے، جس پر ریاستی حکومت نے سنجیدگی سے توجہ دی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کے ادارے نیشنل انفارمیٹکس سینٹر (ایم آئی سی) کے تعاون سے سافٹ ویئر میں ضروری تبدیلیاں کی گئی ہیں اور چند مسائل کو حل کر لیا گیا ہے، جبکہ باقی ماڈیولز کی ترقی کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئی بستیوں (لے آؤٹس) کے لیے گرام پنچایت سطح پر درخواست دینے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اب تک 478 نئی بستیوں کے لیے درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے 54 کو گرام پنچایت سطح پر منظوری دی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ نئی کثیر منزلہ (اپارٹمنٹ) عمارتوں کے لیے بھی گرام پنچایت سطح پر درخواست داخل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔دکشن کنڑا ضلع کے ایک وفد کی درخواست پر زمین کی پیمائش کے مقامی پیمانے (سینٹس اور گنٹے) کو مربع میٹر میں تبدیل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے، تاکہ شہری آسانی سے آن لائن درخواست داخل کر سکیں۔
وزیر موصوف نے بتایا کہ حال ہی میں منظور شدہ جائیدادوں میں ترمیم کی سہولت اور محکمہ رجسٹریشن و اسٹامپس کی رہنما قیمتوں کو ای-سواتھو سسٹم کے ساتھ مربوط کرنے کا عمل آئندہ 10 دنوں میں مکمل کیا جائے گا۔ لاگ اِن سے متعلق چھوٹے موٹے تکنیکی مسائل کو بھی جلد حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ای-سواتھو نظام کو مزید آسان اور عوام دوست بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ درخواست داخل کرنے کے لیے کوئی آخری تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے، اس لیے شہری گرام پنچایت دفتر گئے بغیر گھر بیٹھے اپنی جائیداد سے متعلق فارمز ای-سواتھو سافٹ ویئر کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں۔
ای-سواتھو ہیلپ لائن نمبر: 9483476000