ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی کی سڑکوں پر عوامی نمائندے بھی محفوظ نہیں ؛ تمل ناڈو کی کانگریس ایم پی سدھا کے گلے کا ہار چھین کر لُٹیرے فرار

دہلی کی سڑکوں پر عوامی نمائندے بھی محفوظ نہیں ؛ تمل ناڈو کی کانگریس ایم پی سدھا کے گلے کا ہار چھین کر لُٹیرے فرار

Mon, 04 Aug 2025 18:04:07    S O News

نئی دہلی ، 4 اگست (ایس او نیوز / ایجنسی) ملک کی راجدھانی دہلی کے ہائی سکوریٹی والے علاقہ سے کانگریس کی رکن پارلیمنٹ کے گلے سے ہار چھین کر فرار ہونے کی واردات کے بعد عوام کی زبانی سناجارہا ہے کہ دہلی  کی سڑکوں پر عوامی نمائندے بھی محفوظ نہیں ہے۔ میڈیا رپورٹو ں کے مطابق  پیر صبح    تمل ناڈو کی مایلاڈوتھرائی لوک سبھا حلقہ سے کانگریس کی رکن پارلیمنٹ آر. سُدھا چین اسنیچنگ کا شکار بن گئیں حالانکہ وہ  ہائی سکوریٹی والے علاقہ میں تھی۔

رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب سدھا، ڈی ایم کے کی راجیہ سبھا رکن راجتھی سلما کے ساتھ چانکیہ پوری میں پولینڈ ایمبیسی کے باہر مارننگ واک پر تھیں۔ اچانک ایک اسکوٹی پر سوار  جو مکمل ہیلمٹ پہن کر اپنا چہرہ چھپائے ہوئے تھا،  مخالف سمت سے آیا اور سدھا کی چار تولہ سے زیادہ وزنی سونے کی چین چھین کر فرار ہو گیا۔

سدھا نے اس واقعہ کے بعد مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو ایک خط لکھا، جس میں انہوں نے دہلی جیسے ہائی سیکیورٹی علاقے میں بھی ایک رکن پارلیمان  کے ساتھ پیش آئے اس طرح کے واقعے  پر گہری تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے لکھا"  :صبح تقریباً 6:15 سے 6:20 کے درمیان، جب ہم پولینڈ ایمبیسی کے گیٹ نمبر 3 اور 4 کے قریب تھے، تبھی ایک سکوٹی سوار، جس نے چہرہ چھپایا ہوا تھا، آہستہ آہستہ مخالف سمت سے آیا اور میری چین جھپٹ لی۔ چونکہ وہ آہستہ آ رہا تھا، میں نے شک نہیں کیا کہ وہ چین اسنیچر ہو سکتا ہے۔ چین کھینچنے کے دوران میری گردن پر چوٹیں بھی آئی ہیں۔"

انہوں نے مزید لکھا،"اگر ملک کے دارالحکومت کے سب سے محفوظ علاقے میں ایک عورت اطمینان سے چل بھی نہ سکے، تو پھر اور کہاں ہم خود کو محفوظ سمجھیں گے؟ ہماری جان، اعضا اور قیمتی اشیاء ہر وقت خطرے میں ہیں۔" سدھا نے وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مجرم کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔


Share: