بنگلورو ، 17/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) مرکزی الیکشن کمیشن نے ملک کی مختلف ریاستوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے، جن میں کرناٹک کے دو اسمبلی حلقے بھی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کرناٹک کے باگلکوٹ اور داونگیرے ساؤتھ اسمبلی حلقوں میں 9 اپریل کو ووٹنگ ہوگی۔ ان حلقوں میں ضمنی انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی ریاست میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہونے کا امکان ہے اور مختلف سیاسی جماعتیں اپنی انتخابی مہم کی تیاریوں میں مصروف ہو گئی ہیں۔
کمیشن کے مطابق ان دونوں حلقوں سمیت دیگر ریاستوں کے حلقوں میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو کی جائے گی اور اسی دن نتائج کا اعلان متوقع ہے۔
واضح رہے کہ خالی ہوئی نشستوں کو پُر کرنے کے لیے یہ ضمنی انتخابات منعقد کیے جا رہے ہیں، جس پر ریاست کی بڑی سیاسی جماعتوں کی نظریں مرکوز ہیں۔ داونگیرے ساؤتھ میں شامنور شیوشنکرپا اور باگل کوٹ میں ایچ والی میٹی کی ناگہانی موت کے بعد یہ نشستیں خالی ہوئی تھیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ مرکزی الیکشن کمیشن نے ملک کی چھ ریاستوں میں واقع آٹھ اسمبلی حلقوں کے لیے ضمنی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔
اعلان کے مطابق کرناٹک، گوا، گجرات، مہاراشٹر، ناگالینڈ اور تریپورہ کی مختلف اسمبلی نشستوں پر مرحلہ وار ووٹنگ کرائی جائے گی۔
اسی طرح گجرات کے امرت حلقہ اور مہاراشٹر کے راہوری اور بارامتی اسمبلی حلقوں میں 23 اپریل کو ووٹنگ منعقد کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تمام حلقوں میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو کی جائے گی اور اسی دن نتائج کا اعلان متوقع ہے۔