ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کولکاتا: مغربی بنگال میں ایس آئی آر کے دوران والد کا نام ووٹر لسٹ سے حذف ہونے پر نومولود بچی کو برتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے انکار

کولکاتا: مغربی بنگال میں ایس آئی آر کے دوران والد کا نام ووٹر لسٹ سے حذف ہونے پر نومولود بچی کو برتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے انکار

Thu, 26 Nov 2026 10:30:29    S O News

کولکاتا 26/نومبر (ایس او نیوز): مغربی بنگال کے ضلع کوچ بہار میں ایک ڈھائی ماہ کی نومولود بچی کو برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے والد کا الزام ہے کہ اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے دوران ووٹر لسٹ سے ان کا نام حذف ہونے کے بعد سرکاری دفاتر نے رہائشی تصدیق کرنے سے انکار کردیا، جس کے باعث بچی کا برتھ سرٹیفکیٹ جاری نہیں ہو سکا۔

اخبار ’دی ہندو‘ اور ’دی ٹیلی گراف‘ کی رپورٹوں کے مطابق کھاتاماری گاؤں کے رہنے والے عبدالحبیب کی اہلیہ آمنہ خاتون نے 9 ستمبر کو دینہاٹا سب ڈویژنل اسپتال میں بچی کو جنم دیا تھا۔ پیدائش کے بعد والدین نے برتھ سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست دی، لیکن انہیں بتایا گیا کہ اس کے لیے مقامی پنچایت پردھان یا رکن اسمبلی کی جانب سے رہائشی تصدیق ضروری ہے۔

عبدالحبیب کے مطابق جب وہ مقامی بی جے پی رکن اسمبلی اجے رائے کے دفتر پہنچے تو وہاں ایک اہلکار نے انہیں بنگلہ دیشی شہری قرار دیتے ہوئے پہلے این آر سی میں اپنا نام درج کروانے کا مشورہ دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پیدائش سے ہندوستان میں رہ رہے ہیں اور اپنی رہائش کے ثبوت بھی پیش کرچکے ہیں، لیکن بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (بی ڈی او) کے دفتر سے بھی انہیں راحت نہیں ملی۔

رپورٹ کے مطابق ایس آئی آر کے دوران عبدالحبیب کے ساتھ ان کی تین بہنوں کے نام بھی ووٹر لسٹ سے حذف کیے گئے ہیں، جبکہ ان کے والدین اور اہلیہ کے نام فہرست میں برقرار ہیں۔ عبدالحبیب نے اپنا نام دوبارہ شامل کروانے کے لیے متعلقہ ٹریبونل سے رجوع کر رکھا ہے۔

اس واقعے پر ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ سے فوری مداخلت اور بچی کا برتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ والدین کی انتخابی فہرست میں حیثیت کی بنیاد پر کسی نومولود کو پیدائش کے اندراج اور قانونی شناخت کے حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔

دوسری جانب انتظامیہ کے ذرائع نے ’دی ٹیلی گراف‘ کو بتایا کہ معاملے کی جانچ کی جائے گی اور رہائشی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے امکان کا جائزہ لیا جائے گا۔


Share: